صحافی معاشرے کی بہتری کیلئے اہم کردار اداکر سکتے ہیں،صدر آزاد کشمیر

صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ صحافی معاشرے کی بہتری کے لئے ایک اہم کردار اداکر سکتے ہیں۔

صحافی تحریک آزادی کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے جہاں اپنے قلم کا استعمال کریں وہاں پر سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے ذریعے بھی اپنا رول اد ا کر سکتے ہیں۔ میں جب وزیر اعظم تھا تو میں نے اپنے دور حکومت میں احتساب بیورو،بار کونسلز، پریس فائونڈیشن اور دیگر ادارے بنائے۔میں آزادکشمیر میں شفاف احتساب کا حامی ہوں، کرپشن ختم کیے بغیر کوئی ریاست ترقی نہیں کر سکتی۔ جب میں وزیر اعظم تھا تو میں نے اسمبلی سے احتساب ایکٹ پاس کروایا تھا اور اُس ایکٹ میں خود وزیر اعظم کو بھی احتساب کے لئے پیش کیا گیا تھا تاکہ عام آدمی کی طرح وزیر اعظم بھی احتساب سے بالا تر نہ ہو۔ چیف الیکشن کمشنر کی فوری تعیناتی ہونی چاہیے، آئینی ادارے کے سربراہ کا خالی رہنا کوئی مناسب بات نہیں ہے۔ میں اس سلسلے میںبطور ریاست کے آئینی سربراہ اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا ۔ میڈیا مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے کردار ادا کرے۔

میں جب وزیر اعظم تھا تو میں نے بطور وزیر اعظم آزادکشمیر پاکستان کی چار حکومتوں کا سامنا کیا اور اپنی مدت پوری کی۔ آج روزنامہ جموں وکشمیر کی سالگرہ ہے اورروزنامہ جموں وکشمیر نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر، عوامی مسائل اور حق و سچ کو اُجاگر کرنے میں اپنا مثبت اور اہم کردار ادا کیا ہے میںاس پر چیف ایڈیٹر روزنامہ جموں وکشمیر عامر محبوب سمیت پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوںاور اب جبکہ روزنامہ جموں وکشمیر کا ڈیجیٹل چینل بھی شروع ہو چکا ہے تو امید ہے کہ یہ تحریک آزادی کشمیر اورعوامی مسائل کو اُجاگر کرنے کے لئے اپنا بہترین رول ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ایک ریاستی اخبار کی سالگرہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر روزنامہ جموں وکشمیر کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں صدارتی مشیر سردار امتیاز خان، صدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی، سینئر صحافی محسن رضا، نواز رضا، سلطان سکندر،کے جے ایف کے صدر عرفان سدوزئی، انور رضا، چوہدری جاوید اقبال، خاور نواز راجہ، سید محمود گردیزی، خالد گردیزی، کاشف میر، سحرش قریشی، ممتاز کاروباری شخصیت سردار ریاض خان، سردار مرتضیٰ خان، مدثر نورانی، چوہدری اظہر، سردار ندیم، عقیل انجم، اقبال اعوان، سابق مشیر حکومت مرتضیٰ درانی، گروپ ایڈیٹر جموں وکشمیر راجہ کفیل احمد خان، پولیٹیکل سیکرٹری ہمراہ صدر آزادکشمیر سکندر بیگ، حسن بنگش، عثمان عباسی، ارشد چوہدری، عابد ہاشمی، نثار تبسم ، پرسنل سٹاف آفیسر ہمراہ صدر آزادجموں وکشمیر سید کمال حیدر شاہ و دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے چیف ایڈیٹر روزنامہ جموں وکشمیر عامر محبوب، سینئر صحافی سلطان سکندر، صدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی اور کے جے ایف کے صدر عرفان سدوزئی نے خطاب کرتے ہوئے

روزنامہ جموں وکشمیر کی 19ویں سالگرہ پر چیف ایڈیٹر روزنامہ جموں وکشمیر عامر محبوب اور اُن کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ انتہائی مشکل حالات میں روزنامہ جموں وکشمیرنے آزادی صحافت کا علم بلند رکھا ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اخبارات کے مسائل حل کرے۔ اس موقع پر صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی تازہ ترین صورتحال، نریندر مودی کے اوچھے ہتھکنڈے، آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال حکومت کے اقدامات، احتساب بیورو کی کارکردگی اور چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی سمیت تمام ایشوز پر کھل کر بات کی ۔اُنہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں حسب روایت افطار پارٹیوں سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کروں گا۔

صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مودی کی انتہاء پسندانہ پالیسیوں نے مسئلہ کشمیر کا حل آسان بنا دیا ہے۔ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے مودی کو بے نقاب کر دیا ہے اور بھارت ایک عالمی دہشت گرد کے طور پر سامنے آیا ہے۔ اب یورپ، امریکہ اور دیگر مغربی ممالک میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ مقبوضہ کشمیر جلد آزاد ہونے والا ہے، دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کی آزادی کا راستہ نہیں روک سکتی۔