آزاد کشمیر میں سال 2025 کے سرکاری تعطیلات کا اعلان

آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے سال 2025 کے لیے سرکاری تعطیلات کی فہرست جاری کر دی ہے، جسے صدر کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن کی صورت میں شائع کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق قومی، مذہبی اور خصوصی مواقع پر تعطیلات شامل ہوں گی، جن میں یوم یکجہتی کشمیر 5 فروری کو، یوم پاکستان 23 مارچ کو اور عید الفطر کی تعطیلات 30 مارچ، 31 مارچ اور 1 اپریل کو دی جائیں گی۔یوم مزدور یکم مئی کو منایا جائے گا جبکہ یوم تکبیر 28 مئی کو اور عیدالاضحی کی تعطیلات 7، 8 اور 9 جون کو ہوں گی۔ یوم عاشورہ 5 اور 6 جولائی کو منایا جائے گا اور یوم شہدائے کشمیر کی تعطیل 13 جولائی کو ہوگی۔

اسی طرح یوم الحاق پاکستان 19 جولائی، غازی ملت سردار ابراہیم خان کی برسی 31 جولائی اور یوم آزادی پاکستان 14 اگست کو منایا جائے گا۔ عید میلاد النبی کی تعطیلات 5 یا 6 ستمبر کو ہوں گی، جن کا انحصار چاند نظر آنے پر ہوگا۔یوم استحکام و تجدید عہد نو 8 اکتوبر کو جبکہ یوم تاسیس آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر 24 اکتوبر کو منایا جائے گا۔ یوم شہدائے جموں 6 نومبر، یوم اقبال 9 نومبر، شہادت کیپٹن حسین خان شہید اور بابائے پونچھ خان محمد خان کی برسی 11 نومبر کو ہوگی۔

قائد ملت چوہدری غلام عباس کی برسی 18 دسمبر کو جبکہ یوم قائد اعظم اور کرسمس 25 دسمبر کو منائے جائیں گے۔ کرسمس کے بعد کی چھٹی صرف عیسائی برادری کے لیے 26 دسمبر کو ہوگی۔عید الفطر، عیدالاضحی اور عید میلاد النبی کی تعطیلات کے حتمی اعلانات چاند دیکھنے کے بعد متعلقہ ادارے کریں گے۔

Scroll to Top