چوہدری انوارالحق سے سابق ممبر کشمیر کونسل راجہ بابر علی ذوالقرنین کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے سابق ممبر کشمیر کونسل راجہ بابر علی ذوالقرنین نے جموں کشمیر ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران حلقے میں تعمیر وترقی کے پروجیکٹس سمیت سیاسی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ حکومت کا ہدف عام آدمی کی فلاح ہے جس کے لئے تمام تر وسائل فراہم کئے جائیں گے،تمام دفاتر میں بائیو میٹرک کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے زیادہ تر دفاتر میں بائیو میٹرک نصب ہیں اور فنکشنل ہیں جہاں نہیں ہیں وہاں جلد نصب کر دئیے جائیں گے موسٹ سینئر وزیر اس عمل کی نگرانی کر رہے ہیں اس سے عام آدمی کے کام میں آسانی پیدا ہو گی اور لوگوں کو سہولت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ تاریخی ہیلتھ پیکج دیا ہے اب انشاء اللہ منفرد تعلیمی پیکج بھی دیں گے جس سے ریاست میں تعلیم کے نظام میں بہتری آئے گی،قوموں کو آسانیاں لے ڈوبتی ہیں اس لئے سب کو کام کرنا ہو گا وقت کی قدر کرنے والی قومیں ہی آگے بڑھتی ہیں لہذا سب کو چاہیے کہ خاص کر ترقیاتی منصوبوں پر نظر رکھیں جہاں کوئی خرابی نظر آئے فوری طور پر وزیراعظم شکایات سیل میں رپورٹ کریں فوری کارروائی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ مافیاز کی دوڑیں لگی ہوئی ہیں کبھی ایک کے پاس جاتے ہیں کبھی دوسرے کے پاس مگر انکا دور اب ختم ہو چکا ارادہ کر کے آیا تھا کہ مافیاز کو نکیل ڈالوں گا اور اللہ کے فضل سے یہ کر کے دکھا دیا ہے۔سابق ممبر کشمیر کونسل راجہ بابر علی ذوالقرنین نے وزیراعظم کے عوام دوست اقدامات کو بے حد سراہا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ریاست میں گورننس کے تصور کو بدل کر رکھ دیا ہے ہم وزیراعظم کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔

Scroll to Top