آزادکشمیر اور پاکستان کے مابین “لا الہ الا اللہ” کا دائمی رشتہ ہے ، وزیراعظم آزاد کشمیر

آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ آزادکشمیر اور پاکستان کے مابین “لا الہ الا اللہ” کا دائمی رشتہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے GNN کے پروگرام View Point میں میزبان عمران یعقوب خان کو دیے گئے انٹرویو میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جب سے وزیراعظم بنا ہوں، وفاقی حکومت اور وفاقی اسٹیک ہولڈرز کا غیر مشروط تعاون حاصل رہا ہے ، جہادی کلچر کی سٹیٹمنٹ پر پوری طرح قائم ہوں، بطور مسلمان ہم نے فقط قرآن کریم سے رہنمائی لینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفارتکاری میں کشمیریوں کا کردار بڑھانے سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی ۔ ہندوستان انتشار پھیلانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ ہندوستان کی خواہش تھی کہ آزادکشمیر میں افراتفری ہو لیکن اللہ کے فضل سے ایک گملہ بھی نہیں ٹوٹا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت مستحکم ہے اتحادیوں کا زبردست تعاون حاصل ہے ۔ آزادکشمیر کا سارا نظام تحریک آزادی کشمیر کے مرہون منت ہے، شہداء کے لہو نے آبیاری کی ہے تو آزاد خطے کا نظام چل رہا ہے، قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں ۔ وادی نیلم میں ماضی میں 4 چار ماہ سڑک بند رہتی تھی، ستمبر میں خود تاو بٹ کا دورہ کیا، نیلم میں ڈھائی ماہ میں جو کام ہوا وہ دھائیوں میں نہیں ہو سکا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ 20 ماہ کی حکومت میں قانون کی عملداری سب سے پہلے اپنی ذات پر قائم کی، وزیراعظم کے حکم کو قانون سے بھی ماورا سمجھے جانے والے نظام کا خاتمہ کیاہے ۔صدارتی آرڈیننس میں سقم نہیں تھا،ترقیاتی پراجیکٹس سے خطہ کی نظیر بدلیں گے ۔ سیاسی اتحادیوں کا زبردست تعاون رہا ہے ۔ اتحادی حکومت مستحکم ہے ۔ ابھی آزادکشمیر کے انتخابات میں تقریباً 15 ماہ کا عرصہ ہے، آئندہ الیکشن میں صورتحال کیا ہوگی ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کے تمام سفارتخانوں میں ایک کشمیر ڈیسک قائم کیا جائے۔

Scroll to Top