وزیراعظم آزادکشمیر کی ہدایت پر نیلم ویلی کے برف سے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس ٹیم روانہ

مظفرآباد: وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی خصوصی ہدایت پر میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس ٹیم وادی نیلم کے برف سے متاثرہ علاقے ہلمت روانہ ہو گئی۔ یہ ٹیم پاکستان آرمی کے تعاون سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایمرجنسی ریسپانس ٹیم مظفرآباد ائیرپورٹ سے آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہلمت روانہ ہوئی۔ کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمن، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر فاروق احمد اعوان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمران عباس نقوی اور ڈاکٹر واجد علی خان نے علی الصبح ٹیم کو روانہ کیا۔ سات رکنی ٹیم میں ڈاکٹر وقار اشرف بٹ (چائلڈ اسپیشلسٹ)، ڈاکٹر ارشد راجہ (ایڈیشنل میڈیکل آفیسر)، ڈاکٹر ساجد علی گورسی، ڈاکٹر طارق عبداللہ، ڈاکٹر صدف سرفراز، ڈاکٹر رافعیہ کریم اور ڈاکٹر حنا منور شامل ہیں۔ یہ ٹیم پندرہ دن کے لیے ہلمت میں میڈیکل کیمپ لگائے گی۔ دوسرے مرحلے میں مزید ٹیمیں روانہ ہوں گی ، شاردہ، پھلوائی اور دیگر متاثرہ علاقوں کے لیے علیحدہ میڈیکل ٹیمیں دوسرے مرحلے میں روانہ کی جائیں گی۔

وزیرصحت عامہ ڈاکٹر نثار انصر ابدالی نیلم میں طبی سہولیات کی روزانہ مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ چیف سیکرٹری آزادکشمیر خوشحال خان اور سیکرٹری صحت عامہ بریگیڈیئر محمد فرید خان بھی میڈیکل کیمپوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ عوام علاقہ نیلم کی جانب سے وزیراعظم آزادکشمیر اور پاک فوج کا شکریہ ادا کیاگیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے مشکل وقت میں ہمیشہ ان کا ساتھ دیا ہے۔ کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمن نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر کی ہدایت اور پاک آرمی کے تعاون سے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ میڈیکل ٹیموں کے ساتھ ہے اور انتہائی پیشہ ور ڈاکٹرز ان ٹیموں کا حصہ ہیں۔

وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے برف سے متاثرہ علاقوں کے عوام کو طبی سہولیات سمیت تمام بنیادی ضروریات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر رکھی ہے۔ کمشنر کے مطابق وزیراعظم خود ان انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ رضاکاروں اور انتظامیہ کے تعاون پر کمشنر مظفرآباد نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ آئندہ دنوں میں مزید ٹیموں کی روانگی متوقع ہے۔

Scroll to Top