پاک فوج کا اپر گریس ویلی میں میڈیکل خدمات فراہم کرنے کے لئے اہم اقدام

پاک آرمی کے تعاون سے اپر گریس ویلی کے علاقے ہلمت میں میڈیکل کی ٹیم پہنچ گئی ہے، ہیلی کاپٹر کے ذریعے مریضوں کو دوسرے مقام پرمنتقل کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں فوری علاج فراہم کیا جا سکے۔

پاک آرمی کے کمانڈنٹ افیسر کرنل توقیر نے میڈیکل ٹیم کا استقبال کیا، اور ٹیم نے پاک فوج کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ ڈسٹرکٹ کونسلر اپر گریس سید یحی شاہ نے پاک آرمی، جی او سی مری اور مقامی کمانڈنٹ افیسر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے میڈیکل ٹیمیں روانہ کیں اور آرمی نے خصوصی تعاون فراہم کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں برفباری کے باعث راستے بند ہو گئے تھے جس کی وجہ سے تین خواتین بروقت ہسپتال نہ پہنچنے کی وجہ سے فوت ہو گئی تھیں۔ اس واقعے کے بعد عوامی حلقوں، صحافیوں اور سوشل ایکٹوسٹ نے اس معاملے پر بھرپور آواز اٹھائی تھی جس کے بعد حکومت آزاد کشمیر کے وزیر اعظم انوار الحق نے اس کا سخت نوٹس لیا۔ اس کے بعد میڈیکل ٹیموں کو روانہ کیا گیا اور پاک آرمی نے اپنی خدمات فراہم کیں۔

کرنل توقیر نے کہا کہ انشاء اللہ پاک آرمی کا گریس ویلی کی خدمت کا سفر جاری رہے گا اور علاقے کے لوگوں کی مدد میں کوئی کمی نہیں آنے پائے گی۔

Scroll to Top