پاک فوج کا زبردست اقدام: گورنمنٹ کیپٹن سرور شہید بوائز ہائی سکول چکوٹھی میں جدید کمپیوٹر لیب بحال

چکوٹھی : پاک فوج نے تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے گورنمنٹ کیپٹن سرور شہید بوائز ہائی سکول چکوٹھی میں کمپیوٹر لیب کو مکمل طور پر بحال کر دیا ہے۔

پاک فوج کا یہ اقدام علاقے کے طلبہ کے لیے ایک انمول تحفہ ہےجو جدید علوم اور ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ طویل عرصے سے یہ اسکول جدید کمپیوٹر لیب کی عدم موجودگی کے باعث طلبہ کو کمپیوٹر سائنس اور ٹیکنالوجی کی تعلیم فراہم کرنے میں ناکام تھا۔ تاہم، پاک فوج نے نہ صرف لیب کی بحالی کا عمل مکمل کیا بلکہ وہاں جدید کمپیوٹرز نصب کرنے کے ساتھ جدید اور ضروری سافٹ ویئر بھی انسٹال کیے ہیں۔ اس احسن اقدام پر اسکول انتظامیہ، طلبہ، والدین، اور مقامی افراد نے پاک فوج اور چکوٹھی سیکٹر کے کمانڈنگ آفیسر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس قدم کو علاقے کی تعلیمی ترقی اور بچوں کے روشن مستقبل کے لیے سنگِ میل قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کا ایل او سی باغسر سیکٹر کے علاقے مالنی میں مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پاک فوج نہ صرف ملکی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے بلکہ تعلیم، تربیت، اور علاقائی ترقی کے لیے بھی اہم اقدامات کر رہی ہے۔ اس جدید کمپیوٹر لیب کی فراہمی سے طلبہ اور طالبات جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرکے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکیں گے۔

Scroll to Top