دارالحکومت مظفرآباد، وادی نیلم، کوٹلی، باغ،حویلی کہوٹہ اور میرپور سمیت دیگر شہروں میں مظاہرین نے بھارت کے یومِ جمہوریہ کو یومِ سیاہ کے طور پر منایا۔ ریلیوں کے دوران مظاہرین نے حقِ خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور عالمی برادری سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔
دارالحکومت مظفرآباد میں ریلی کے شرکاء نے تقریروں میں کہا کہ بھارت کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق پامال کر کے خود کو جمہوری ملک نہیں کہہ سکتا اور کشمیری عوام جو صرف آزادی اور حقِ خودارادیت کی خواہش رکھتے ہیں، دہائیوں سے بھارتی مظالم کا شکار ہیں، بھارت دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے ۔
حویلی کہوٹہ میں بھی ڈپٹی کمشنر آفس سے کیچری چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں انجمن تاجران، وکلاء، صحافی، سول سوسائٹی اور مختلف تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں سیاہ پرچم تھامےہوئے تھےاور بھارت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:برارکوٹ انٹری پوائنٹ پر پولیس اہلکار کی مسافر خاتون سے بدتمیزی، خواتین کا معافی دینے سے انکار
میرپور میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئی۔ ضلع کچہری سے شروع ہونے والی اس ریلی میں سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت وکلاء، انجمن تاجران، صحافی اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔ ریلی کے مقررین نے کہا کہ بھارت ظلم و جبر کے ذریعے کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا اور کشمیری عوام اپنی آزادی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
ریلی کے مظاہرین نے عالمی برادری پر زور دیا ہےکہ وہ بھارت کے مظالم کے خلاف آواز اٹھائے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے میں کردار ادا کرے۔