ٹرمپ کی دھمکی کارگر، کولمبیا نے بے دخل تارکین وطن کو واپس لینے پر اتفاق کر لیا

واشنگٹن: امریکی دباؤ کے بعد کولمبیا نے امریکا سے بے دخل کیے گئے تارکین وطن کو واپس قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی، جس کے نتیجے میں کولمبیا کے خلاف سخت تجارتی اور ویزہ پابندیوں کا فیصلہ معطل کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کولمبیا کو تجارتی ٹیرف میں اضافے اور دیگر سخت اقدامات کی دھمکی نے اپنا اثر دکھایا۔ کولمبیا نے تارکین وطن کو واپس لینے سے متعلق اپنے مؤقف میں تبدیلی کرتے ہوئے انہیں قبول کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سے قبل کولمبیا کے صدر نے ملک بدر کیے جانے والے افراد کو واپس لینے سے انکار کر دیا تھا، ان کا مؤقف تھا کہ جب تک تارکین وطن کی واپسی باوقار اور منظم انداز میں نہیں کی جاتی، ان پروازوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ٹرمپ انتظامیہ نے اس رویے کے ردعمل میں 25 فیصد تجارتی ٹیرف، ویزہ پابندیوں اور دیگر سخت اقدامات کا ڈرافٹ تیار کر لیا تھا۔ تاہم، کولمبیا کے فیصلے کے بعد ان اقدامات پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے اقتدار سنبھالتے ہی غیر قانونی امیگریشن کو قومی ہنگامی مسئلہ قرار دے کر اس کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا تھا۔ ان اقدامات کے تحت امریکا میں موجود غیر قانونی تارکین وطن کو واپس بھیجنے کا عمل تیز کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top