نادرا نے آزاد جموں و کشمیر کے اسٹیٹس میں کوئی تبدیلی نہیں کی، حکام نے افواہوں کو مسترد کر دیا

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور آزاد جموں و کشمیر حکومت کے حکام نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوے کہ شناختی کارڈز سے “Resident of AJK State” کا اسٹیٹس ہٹا دیا گیا ہے، بے بنیاد ہیں۔

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر یہ افواہ پھیلائی گئی کہ نادرا نے آزاد جموں و کشمیر کے رہائشیوں کے شناختی کارڈز سے ان کا اسٹیٹس ختم کر دیا ہے۔ یہ دعوے مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر کیے گئے اور لوگوں کی جانب سے خدشات کا اظہار بھی کیا گیا۔ تاہم، نادرا حکام اور آزاد جموں و کشمیر حکومت کے نمائندوں نے ان اطلاعات کو غلط قرار دیا ہے۔ نادرا کے ترجمان شباہت علی نے ایک پریس ریلیز میں واضح کیا کہ “Resident of AJK State” کا اسٹیٹس بدستور شناختی کارڈز پر موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نادرا کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈز پر یہ جملہ واضح طور پر درج کیا جاتا ہے، تاہم اس کے لیے متعلقہ فرد کو آزاد جموں و کشمیر حکومت سے جاری شدہ اسٹیٹ سبجیکٹ سرٹیفکیٹ فراہم کرنا ضروری ہے۔

مزید یہ کہ دسمبر 2024 سے جنوری 2025 کے درمیان 50 ہزار سے زائد شناختی کارڈز پر “Resident of AJK State” کا اسٹیٹس پرنٹ کیا گیا ہے، جو ان افواہوں کی تردید کرتا ہے کہ اسٹیٹس ختم کیا جا رہا ہے۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات، محمد مظہر سعید نے بھی اس معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ افواہیں مکمل طور پر بے بنیاد اور غیر مصدقہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈز پر رہائشی اسٹیٹس شامل کرانے کے لیے قانونی تقاضے پورے کرنا ضروری ہے، جس میں اسٹیٹ سبجیکٹ سرٹیفکیٹ فراہم کرنا شامل ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ معلومات پر یقین نہ کریں اور مستند ذرائع سے رجوع کریں۔

Scroll to Top