ایلون مسک کی اسپیس ایکس کی جانب سے’ڈائریکٹ ٹو سیل‘ نامی سیٹلائٹ سروس کے ذریعے صارفین آئی فونز اور اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز سے زمین کے کسی بھی کونے سے کہیں بھی کال کر سکیں گے۔
یہ جدید سیٹلائٹ سروس اسمارٹ فونز کو کسی اضافی تبدیلی کے بغیر استعمال کے قابل بناتی ہے بشرطیکہ ڈیوائس میں ایل ٹی ای سپورٹ موجود ہو۔ سیٹلائٹس میں نصب جدید موڈیم خلا سے زمین پر موبائل ٹاورز کی طرح کام کرتے ہیں اور اسمارٹ فونز کو براہ راست سگنلز فراہم کرتے ہیں جس سے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں بھی مواصلاتی سہولت میسر ہوگی۔ ابتدائی طور پر یہ سروس میسجنگ کی سہولت کے ساتھ متعارف کروائی جائے گی جس کے بعد وائس اور ڈیٹا سروسز بھی شامل کی جائیں گی۔ یوکرین اس جدید ٹیکنالوجی کے آغاز کے لیے اولین ممالک میں شامل ہوگا، جہاں Kyivstar اور اسپیس ایکس کے مابین معاہدہ طے پایا ہے۔
اس نئی سروس کے ذریعے موبائل کمیونیکیشن میں انقلابی تبدیلیاں متوقع ہیں جبکہ دنیا کے وہ علاقے جہاں مواصلاتی سہولیات میسر نہیں، اب رابطے کے قابل ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے اپنی پروفائل کو ایک نئے انداز میں اپ ڈیٹ کرتے ہوئے اپنا نام “کیکئس میکسمس” رکھ لیا ہے، ساتھ ہی اپنی پروفائل تصویر بھی تبدیل کر دی ہے جو ان کے منفرد اور غیر معمولی طرزِ عمل کی عکاسی کرتی ہے۔