کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں پیر کے دن موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہےجبکہ منگل کے روز کشمیر میں شام اور رات کے اوقات میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اوربرفباری کا امکان ہے جبکہ مظفرآباد، راولا کوٹ اور کوٹلی میں 29 سے 31 جنوری کے دوران کہیں کہیں ہلکی بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔

ملک میں موسم کی صورتحال کچھ اس طرح سے ہے،  شمالی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ 28 جنوری کی رات سے داخل ہوگا جو 31 جنوری تک جاری رہے گا خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور شمالی پنجاب کے مخصوص علاقوں میں ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ تاہم یہ سسٹم کمزور ہونے کے باعث محدود اثرات کا حامل ہوگا۔

29 اور 30 جنوری کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں جن میں ہنگو، میران شاہ، وانا، درہ کوہاٹ، مردان، مالاکنڈ، صوابی، ہری پور، ایبٹ آباد، دیر، مینگورہ، اور مانسہرہ شامل ہیں، ہلکی بارش متوقع ہے، جبکہ سوات، کالام، مالم جبہ، مینگورہ، ناران، کاغان، بابو سر ٹاپ، اور چترال کے پہاڑی علاقوں میں 29 سے 31 جنوری تک برف باری ہونے کا امکان ہے جو سردی میں مزید اضافے کا سبب بنے گی۔

یہ بھی پڑھیں:اب موبائل سگنلز کی ضرورت ختم، نیا سیٹلائٹ نظام دنیا بدلنے کو تیار

گلگت بلتستان کے علاقوں سکردو، ہنزہ، غذر، استور، گانچھے اور دیگر وادیوں میں 29 سے 31 جنوری کے دوران شدید برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں سرد موسم کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
29 اور 30 جنوری کو مری، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجر خان، اٹک، کلر سیداں، اور گجرات میں ہلکی بارش اور ابر آلود موسم کی توقع کی جا رہی ہے۔ سندھ، بلوچستان، اور جنوبی پنجاب میں اس سسٹم کے باعث بارش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ میدانی علاقوں میں دھند اور سردی برقرار رہے گی۔

یکم فروری سے بارشوں کے نئے سلسلے کی توقع کی جا رہی تھی، تاہم ماڈل اپ ڈیٹس کے مطابق یہ سلسلہ تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔ اب 4 سے 6 فروری کے دوران بارش اور برف باری کا نیا سلسلہ متوقع ہے۔

Scroll to Top