بیرسٹر سلطان کا اپنی نئی پارٹی بنانے کا عندیہ، میرپور ڈویژن میں13امیدوار کھڑنے کرنے کا اعلان

صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے اپنی نئی پارٹی بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرپور ڈویژن کے کارکن ادھر ادھر نہ دیکھیں ، اگلے سال الیکشن ہونے جا رہے میرپور ڈویژن کے13 حلقوں میں اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرونگا

میرپور میں اپنے سیکرٹریٹ کا افتتاح کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ میرپور کے اندر تین بڑے منصوبے اب میری اولین ترجیح ہوں گے، انٹرنیشنل ائیرپورٹ ، میرپورمظفرآباد،مانسہرہ موٹروے اور میرپور میں سی پیک بزنس سینٹر کا قیام اب میری اولین ترجیح میں شامل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ میرے کارکن نہ دائیں دیکھیں نہ بائیں دیکھیں نہ اوپر دیکھیں نہ نیچے دیکھیں نہ ہی کسی کے کندھوں کی طرف دیکھیں آپ صرف میری طرف دیکھیں انشا ء اللہ آمدہ انتخابات میں میرپور ڈویژن کے 13حلقوں کے ٹکٹ میں خود اپنے ہاتھوں سے جاری کروں گا۔انشا ء اللہ میرے ٹکٹ ہولڈر عوامی طاقت سے فقید المثال کامیابی حاصل کریں گے

صدر ریاست نے کہا کہ سابق الیکشن میں جو وعدے کئے تھے وہ پورے کر دیئے ہیں، رٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل، ذیلی کنبہ جات کے ایشو کا حل اور پارکنگ پلازہ کی تعمیر شامل تھا، تینوں منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیںانہوں نے کہا کہ میرپور کے لوگوں نے مجھے9 مرتبہ ممبر منتخب کرکے اسمبلی بھیجا، پانچ سال وزیراعظم رہا اپوزیشن لیڈر رہا اب ریاست کے سب سے بڑے عہدے پر فائز ہوں یہ سب میرپور کی عوام کی مجھ سے بے لوث اور انمول محبت کا نتیجہ ہے،محکمہ صحت میں سہولیات کیلئے84 کروڑ49 لاکھ کا تاریخی ہیلتھ پیکیج دیا ہے ، اب مثالی تعلیمی پیکیج بھی لائیں گے

صدر آزادکشمیر نے کہا کہ اگلے ماہ بین الاقوامی دورے پر روانہ ہو رہا ہوں واپسی پر رمضان میں بڑے پیمانے پر رابطہ مہم کا آغاز کروں گا میں نے میرپور میں سیکرٹریٹ قائم کر دیا ہے اب میں خود ادھر بیٹھا کروں گا اور عوام کے مسائل حل کروانے میں اپنا رول ادا کروں گا

تقریب میں وزیر برقیات چوہدری ارشد حسین، وزیرفزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ چوہدری یاسر سلطان، وزیر تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق،وزیر مال چوہدری محمد اخلاق، وزیر حکومت صبیحہ صدیق،صدارتی مشیر سردار امتیاز خان، صدارتی مشیر چوہدری محبوب اورچیئرمین او پی ایف سید قمر رضا بھی موجود تھے۔تقریب میں میرپور ڈویژن کے ڈسٹرکٹ کونسلر و کونسلرز حضرات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس سے قبل صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جب بیرسٹر سلطان سیکرٹریٹ کی افتتاحی تقریب میں پہنچے تو عوام نے انکا والہانہ اور پر جوش انداز میں استقبال کیا۔

یاد رہے کہ صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمو د پاکستان گزشتہ الیکشن میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر میرپور سے ممبراسمبلی منتخب ہوئے اور تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری وزارت عظمیٰ کے امیدوار تھے لیکن قرعہ سردار قیوم نیازی کے نام نکلا اور بیرسٹر سلطان محمود کو صدر ریاست بنایا گیا، بیرسٹر سلبان کے حلقہ سے ان کے بیٹے یاسر سلطان ممبر اسمبلی منتخب ہوئے ، عمران خان کی تحریک کے دوران آزادکشمیر میں تحریک انصاف کا فارورڈ بلاک بنا جس میں وزیراعظم انوارالحق بھی شامل ہیں ، چوہدری انوارالحق بھی اپنی پارٹی بنانے کا اعلان کرچکے لیکن ابھی تک پارٹی بنانے میں ناکام ہیں

 

Scroll to Top