اننت ناگ کے گٹلی باغ گاؤں میں کم از کم 27 افراد جن میں زیادہ تر بچوں میں یرقان کی تصدیق ہوئی ہے۔
ایک حکومتی عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) کو بتایا کہ اسکریننگ کا عمل جاری ہے اور اب تک 27 بچوں میں یرقان کی تصدیق ہو چکی ہے۔ حکام نے کہا کہ آشا کارکنوں کے ساتھ مل کر میڈیکل ٹیمیں گاؤں کے مختلف گھروں میں جا کر لوگوں کو احتیاطی تدابیر اور بیماری سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی فراہم کر رہی ہیں۔
عہدیدار نے مزید بتایا کہ اس وقت صورتحال قابو میں ہے کیونکہ تمام متاثرہ افراد مستحکم ہیں اور صحت یاب ہو رہے ہیں۔ مقامی سطح پر جاری اس آگاہی مہم اور احتیاطی تدابیر کے ذریعے امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی اس بیماری پر قابو پا لیا جائے گا۔
دریں اثنا مقامی رہائشیوں نے الزام لگایا ہے کہ آلودہ پانی اس وبا کے پھیلنے کی بنیادی وجہ ہے۔ عہدیداروں نے بتایا ہے کہ پانی کے نمونے پہلے ہی لئے جاچکے ہیں اور رپورٹ کا انتظار ہے۔