آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم وصدر مسلم کانفرنس سردار عتیق خان نے بلدیاتی نمائندگان کی متوقع احتجاجی تحریک کی حمایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم سے راولپنڈی میں بلدیاتی نمائندگان کی رابطہ کمیٹی کےسربراہ جاوید شریف ایڈووکیٹ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر سردارعتیق خان نے کہا کہ مجاہد اول نے ضلعی چیئرمین کو جھنڈا اور اختیارات دئیے تھے ،بلدیاتی نظام کا حامی ہوں
انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں لوکل کونسل کے اختیارات کی بحالی کیلئے مسلم کانفرنس بھرپور کردار ادا کریگی۔ بلدیاتی نمائندگان کو بااختیار بنائے بغیر تعمیروترقی کاخواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ انوار حکومت اس معاملے میں سنجیدگی کامظاہرہ کرے اور بلدیاتی نمائندگان کوفنڈز کی فراہمی کیساتھ انہیں بااختیار بنائے تاکہ رکے ہوئے تعمیروترقی کے جمود کوتوڑا جاسکے۔
یاد رہے کہ آزادکشمیر میں 3 دہائیوں بعد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے بعد بلدیاتی نمائندگان ڈیڑھ سال سے اختیارات سے محروم ہیں، بلدیاتی نمائندگان نے فنڈز اور اختیارات نہ ملنے پراحتجاجی تحریک چلانے کااعلان کیا ہے ، اسی لئے رابطہ کمیٹی سیاسی رہنمائوں سے ملاقاتیں کررہی ہے، بلدیاتی نمائندگان نے فروری کے اوئل میں مظفر آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔