فرانس نے کہا ہے کہ فلسطنیوں کی غزہ سے کسی بھی طرح کی جبری بے دخلی ناقابل قبول ہوگی۔
فرانسیسی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ غزہ کی آبادی کی کسی بھی طرح جبری بے دخلی ناقابل قبول ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف عالمی قوانین کی شدید خلاف ورزی ہوگی اور 2ریاستی حل میں بھی بڑی رکاوٹ ہوگی،یہ ہمارے اتحادیوں لبنان اور اردن کیلئے عدم استحکام کا سبب ہوگا۔
یادرہے کہ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے پیر کو فلسطینیوں کو مصر اور اردن منتقل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا،امریکہ کے ساتھ مشترکہ طور پر مصالحت کاری سے جنگ بندی کرانے والے مصر اور قطر نے بھی فلسطینیوں کی غزہ سے منتقلی کی مخالفت کی ہے، مصر اور قطر نے کہا کہ دو ریاستی حل ہی اس مسئلے پر آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے بھی ٹرمپ کی تجویز کی شدید مخالفت کی ہے۔