محکمہ صحت عامہ کے زیر اہتمام میڈیکل کیمپ، 1041 مریضوں کا معائنہ

سرگن: 28 جنوری 2025 – محکمہ صحت عامہ کے زیر انتظام، ضلعی انتظامیہ، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (DDMA) اور الخدمت فاؤنڈیشن کے اشتراک سے سرگن میں فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔

سرگن میں منعقدہ فری میڈیکل کیمپ کے پہلے روز مجموعی طور پر 1041 مریضوں کا معائنہ کیا گیا۔ ان مریضوں میں 460 خواتین، 353 بچے اور 227 مرد شامل تھے۔ میڈیکل کیمپ میں آنے والے زیادہ تر بچوں کو نمونیا، کھانسی اور گلے کی مختلف بیماریوں کی شکایت تھی جبکہ خواتین میں گائنی کے مسائل، خون کی کمی اور غذائی قلت کے کیسز نمایاں رہے۔ اس کے علاوہ، جلدی امراض، دانتوں کی بیماریاں اور آشوبِ چشم کے مریض بھی بڑی تعداد میں رپورٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان کا سفر: گرمیوں سے سردیوں تک

منگل کے روز ابتدائی طبی مرکز سرگن میں پہلی مرتبہ 12 حاملہ خواتین کے الٹراساؤنڈ کیے گئے، جس سے عوام میں حکومتی اقدامات پر اعتماد میں اضافہ ہوا۔ علاوہ ازیں دو مریضوں کو مزید طبی امداد کے لیے مظفرآباد منتقل کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ، اسسٹنٹ کمشنر شاردہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفیسر نیلم دن بھر کیمپ میں موجود رہے اور مریضوں کو ماہر ڈاکٹروں سے معائنہ کروانے کے عمل کو یقینی بنایا۔

یہ میڈیکل کیمپ وزیرِاعظم آزاد کشمیر کی خصوصی ہدایت پر نیلم کے دور افتادہ اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں لگایا گیا ہے اور یہ آج بھی جاری رہے گا۔ کمشنر مظفرآباد ڈویژن روزانہ کی بنیاد پر محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ سے کیمپ میں فراہم کی گئی طبی سہولیات اور مستفید ہونے والے افراد کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ طلب کر رہے ہیں۔

Scroll to Top