آزاد کشمیر میں برف باری اور بارش : بالائی نیلم ویلی میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع

مظفرآباد: آزاد کشمیر میں برف باری اور بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ تمام اہم شاہراہیں بحال کر دی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بالائی علاقوں میں شدید برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش کے پیش نظر مسافروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 29 جنوری کی شام سے 31 جنوری تک مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برف باری کا امکان ہےجس کے باعث شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری متوقع ہے جس کے نتیجے میں کچھ مقامات پر راستے متاثر ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے جو بعض سڑکوں پر پھسلن کا باعث بن سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:محکمہ صحت عامہ کے زیر اہتمام میڈیکل کیمپ، 1041 مریضوں کا معائنہ

مسافروں کو خصوصی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں برف باری ہو رہی ہے۔ ڈرائیور حضرات کو گاڑیوں میں برفانی چین (Chains) کے استعمال کی تلقین کی گئی ہے تاکہ پھسلن کے باعث کسی حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔ برف باری اور بارش کے دوران گاڑی چلاتے وقت رفتار کم رکھنے اور انتہائی احتیاط سے ڈرائیونگ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ شہریوں کو محکمہ موسمیات اور مقامی انتظامیہ کی تازہ ترین اطلاعات سے باخبر رہنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔