احتجاجی تحریک کا خوف،آزادکشمیر حکومت کا بلدیاتی نمائندگان کو فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ، پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور فارورڈ بلاک کے 29 اراکین نے شرکت کی ، ارکان نے وزیراعظم انوارالحق پر غیرمشروط اعتماد کا اظہار کیا

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بلدیاتی نمائندگان کی احتجاجی تحریک کو روکنے کیلئے فوری ایک ارب کے فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیاگیا اورلوکل گورنمنٹ ایکٹ1990میں ترمیم کیلئے کمیٹی کو فوری سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

اجلاس میں یوم یکجہتی کشمیر(5 فروری) کو بھرپور عزم کے ساتھ منانے کیلئے تیاریوں کی ہدایت کی گئی، تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز ،ریاستی دارالحکومت کو پنجاب اور خیبر پختونخوا راستوں کو ملانے والے پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی

اجلاس میں اس عزم کااظہار کیا گیا کہ تحریک آزادی کشمیرحکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ریاست میں تعمیر و ترقی کے کام میں تیزی لانے پر بھی اتفاق کیا گیا

اجلاس میں طے کیا گیا کہ نوجوان مرد وخواتین اور ہنر مند وں، ریاست اور مہاجرین مقیم پاکستان کے حلقوں میں ایک ارب روپے کے بلا سود قرضے دیئے جائیں گے تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔

پارلیمانی پارٹی نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ،اجلاس میں بھارت کی جانب سے ممکنہ چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے بھرپور عزم کا اظہار کیا گیا

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ماحولیات کو بہتر بنانے ،ریاست میں ماحولیاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور آئندہ آنے والے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا

اجلاس میں صحت کارڈ کے اجراء کیلئے جامع اور مفصل پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ،اجلاس میں شیلٹر لیس سکولز اور شیلٹر لیس صحت کے انفراسٹرکچر کی تعمیرات کیلئے کابینہ کمیٹی کی تشکیل اور سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ حکومت کی ترجیح تحریک آزادی کشمیر اور آزادکشمیر کے عوام کی فلاح کے لیے کے لیے اقدمات اٹھانا ہے، موجودہ اتحادی حکومت نے بھارت کے انتشار پر مبنی پروپیگنڈہ کو شکست دے دی ہے۔

یاد رہے کہ آزادکشمیر بھر میں بلدیاتی نمائندگان اختیارات نہ ملنے پر سراپااحتجاج ہیں اور بلدیاتی نمائندگان نے فنڈز واختیارات نہ ملنے پر مظفرآباد کی طرف لانگ مارچ اور اسمبلی کے گھیرائو کی دھمکی بھی دے رکھی ہے۔

Scroll to Top