جہلم ویلی پولیس نے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کے قریبی عزیز (بھانجے) کے قاتل کو گرفتار کر لیا، آلہ قتل بھی برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل چکار کے علاقے اندراسیری میں سرکاری ملازم راجہ نقاش کو بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات گولیاں مار کر قتل کیا گیا، پولیس نے تکنیکی ذرائع استعمال کرتے ہوئے ملزم کو پکڑا ۔
ستائیس سالہ ملزم احتشام نجیب ساکنہ اندراسیری چکار نے ڈگری کالج چکار کے ملازم مقتول نقاش ولد منظور کو خاتون کی سہولت کاری سے فون کرکے بلایا اور 30بور کے پستول سے گولیاں مار کر فرار ہوگیا تھا۔
قبل ازیں ورثاء کی درخواست پر تھانہ پولیس چکار نے قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے مقتول کیساتھ موٹر سائیکل پر سربالہ گاؤں جانے والے اس کے قریبی رشتہ دار(بھتیجا) اسامہ ولد رمیز کو بھی حراست میں لیاتھا۔
اسامہ کے بقول فائرنگ کی آوازیں اسے رات ساڑھے آٹھ بجے سنائی دیں جب کہ اسامہ نے واقعہ کی اطلاع رات دو بجے دی تھی۔پولیس نے ملزم سے تفتیش شروع کردی ہے جس سے قتل کی مزید محرکات بھی سامنے آئیں گی۔
مقتول راجہ نقاش کی نماز جنازہ چکار کے گاؤں اندراسیری میں ادا کی گئی جس میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی،مقتول کو آبائی علاقہ کے قبرستان میں اشکبار آنکھوں کے سائے میں سپرد خاک کردیا گیا،قتل کی اس لرزہ خیز واردات کے باعث چکار اور گردونواح کی فضا سوگوار رہی۔




