وزیر اعظم کی5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور عزم کیساتھ منانے کیلئے تیاریوں کی ہدایت

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور فارورڈ بلاک کے 29 اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں 29 اراکین نے وزیراعظم چوہدری انوارالحق پر غیرمشروط اعتماد کا اظہار کیا۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور عزم کے ساتھ منانے کیلئے تیاریوں کی ہدایت کی ہے۔اس سلسلہ میں تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز اور ریاستی دارالحکومت کو پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے راستوں کو ملانے والے پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔اجلاس میں اس عزم اور یقین کا مکرر اظہار کیا گیا کہ تحریک آزادی کشمیرموجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں بیس کیمپ کی حکومت بنیادی کردار بحال کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:سی پیک منصوبے پاکستان اور خطے کی ترقی کو شرمندہ تعبیر کریں گے،وزیراعظم آزاد کشمیر  

 

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ریاست میں تعمیر و ترقی کے کام میں تیزی لائی جائے گی اور جاریہ ترقیاتی منصوبہ جات پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے گا جس سے ریاست کے تمام لوگ مستفید ہوں گے۔ تمام ترقیاتی فنڈز کی برابری کی بنیاد پر تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا۔نوجوان بچے بچیاں اور ہنر مند افراد، ریاست کے اندر اور مہاجرین مقیم پاکستان کے حلقہ جات میں ایک ارب روپے کے بلا سود قرضے دیئے جائیں گے تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔

 یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد،بغیر بلڈنگ کوڈتعمیرات دھڑلے سے جاری،زمین سرکنے لگی ،انتظامیہ خاموش تماشائی

موجودہ حکومت نے رٹھوعہ ہریام، جا گراں پاور پروجیکٹس پر کام شروع کروایا۔ ای ٹینڈرنگ اور آکشن سے بچت کو فروغ دیا، ٹیکس نیٹ کو بڑھایا گیا ہے، سستا آٹا اور بجلی پر سبسڈی کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔ موجودہ اتحادی حکومت نے بھارت کے انتشار پر مبنی پروپیگنڈہ کو شکست دے دی ہے۔ حکومت نے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔ اختیار مالک کی دین ہے، اختیار کو مالک کی امانت سمجھ کر استعمال کرتا رہوں گا۔ اجلاس میں پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق پر بھرپور اعتماد کا اظہار بھی کیا اور خطے میں عوامی فلاح کے لیے بھرپور اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

Scroll to Top