چکار میں اندھا قتل گھنٹوں میں ٹریس، قاتل اور خاتون سہولت کار دونوں گرفتار

ضلع جہلم ویلی کی تحصیل چکار میں اندھا قتل گھنٹوں میں ٹریس، قاتل اور خاتون سہولت کار دونوں گرفتار ،پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم اور ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ سے پیوستہ روز 30 جنوری کی رات تقریباً 2 بجے پولیس کو اطلاع ملی کہ ڈنہ اندرا سیری لنک روڈ حدود تھانہ چکار پر نامعلوم شخص نے فائرنگ کر کے نقاش منظوم ولد منظوم خان قوم کھکھہ سکنہ اندرا سیری چکار کو قتل کر دیا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی، ضروری کارروائی مکمل کی اور مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئےڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ہٹیاں بالا منتقل کر دیا اور مقتول کے بھائی اذکار منظوم کی درخواست پر نامعلوم ملزمان کے خلاف تھانہ چکار میں مقدمہ درج کر لیا گیا ۔یہ ایک اندھا قتل تھا، جس میں ملزمان کی شناخت اور گرفتاری پولیس کے لیےبڑا چیلنج تھی۔

ایس پی جہلم ویلی مرزا زاہد حسین نے انویسٹی گیشن اور ٹیکنیکل ٹیمیں تشکیل دیں اور اس کیس کی خود نگرانی کی۔انچارج ٹیکنیکل ٹیم خرم نذیر چک نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے انتہائی قلیل وقت میں ملزمان کو ٹریس کر لیا۔

ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی راجہ عبدالخالق ، ایس ایچ اوز راجہ یاسر علی خان ، چوہدری نوید الحسن، راجہ محمد پرویز ، اظہر گیلانی ریڈر ایس پی آفس اور دیگر پولیس اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے کامیاب کارروائیاں کیں۔پولیس حکام کے مطابق راجہ یاسر علی خان ایس ایچ او چناری نے سہولت کار مسماۃ (ن) کو گرفتار کیا۔

جبکہ نوید الحسن SHO تھانہ سٹی نے مرکزی ملزم احتشام ولد نجیب خان سکنہ ڈنہ اندرا سیری کو کامیاب حکمت عملی سے گرفتار کر کے اس کی نشاندہی پر آلہ قتل پستول بھی برآمد کر لیا۔ تفتیش کے دوران ملزم نے جرم کا اعتراف کیا کہ اسے شک تھا کہ مقتول کے اس کی ایک عزیزہ کے ساتھ مراسم ہیں، جس پر اس نے سازش کے تحت مقتول کو میسج کے ذریعے وقوعہ کی جگہ بلایا اور گھات لگا کر فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

جہلم ویلی پولیس نے ایس پی مرزا زاہد حسین کی سربراہی میں محض 10 گھنٹوں کے اندر اس اندھے قتل کو ٹریس کر کے ملزمان کو گرفتار کیا، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ عوامی حلقوں نے پولیس کی اس بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے ایس پی جہلم ویلی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔سپر یٹنڈنٹ پولیس مرزا زاہد حسین کا کہنا تھا کہ جہلم ویلی ایک پرامن ضلع ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Scroll to Top