آزاد کشمیر میں طویل خشک سالی کے بعد بالآخر بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس سے خطے کے قدرتی حسن میں مزید نکھار آ گیا ہے۔ بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، وادی نیلم، وادی لیپہ، باغ، راولا کوٹ اور حویلی کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے متعدد شاہراہیں بند ہو گئی ہیں۔
طویل خشک سالی اور خشک سردی کے باعث بچوں اور ادھیڑ عمر افراد میں بخار، نزلہ اور گلے کی بیماریوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ گذشتہ تین چار ہفتوں سے خطے بھر میں بارش کے لیے مختلف اوقات میں نماز استسقاء بھی ادا کی گئی تھیں۔ بالآخر رات گئے بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا،جبکہ راولاکوٹ میں پہاڑوں پر وقفے وقفے سے کہیں تیز کہیں ہلکی برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس سے ایک بار پھر پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی اور موسم کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ برفباری کے باعث سیاحتی مقامات کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوا ہے تاہم سیاحوں کو احتیاط برتنے اور متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔