قومی کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ نے سہ فریقی ٹورنامنٹ اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے فخر زمان کے ساتھ اننگز کے آغاز کی ذمہ داری پاکستان کے سب سے تجربہ کار اور مستند بیٹر بابر اعظم کو سونپ دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے بابر اعظم کو اس تاریخی موقع پر وہی کردار نبھانے کے لیے کہا ہے جو بھارتی کرکٹ میں سچن ٹنڈولکر ادا کرتے رہے ہیں۔ بابر نے اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنی بہترین کارکردگی سے ٹیم کے لیے کامیابیوں کی راہ ہموار کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں خشک سالی کے بعد پہلی باضابطہ برفباری کا آغاز، وادی نے سفید چادر اوڑھ لی
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ میں فخر زمان واحد مستقل اوپنر کے طور پر شامل ہیں، جبکہ چیف سلیکٹر اسد شفیق کا کہنا ہے کہ دوسرے اوپنر کا انتخاب میچ سے قبل کنڈیشنز اور حکمت عملی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔