آزادکشمیر میں سیاحت، ہائیڈرو، قیمتی پتھروں اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کا بہت پوٹینشل ہے،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے اپنے اعزازی صدارتی مشیر برائے انوسٹمنٹ ایشیاء و ہانگ کانگ کے ممتاز صنعتکار لال دینو مری بلوچ کی ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق اعزازی صدارتی مشیر برائے انوسٹمنٹ ایشیاء و ہانگ کانگ کے ممتاز صنعتکار لال دینو مری بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ چین، ہانگ کانگ، انڈونیشیاء اور دیگر ممالک سے آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں اورہمیں امید ہے کہ اس سلسلے میں درپیش مسائل کے حل کے لئے حکومت آزادکشمیر اور دیگر فورمز پر مدد اور تعاون حاصل ہو گا جبکہ آزادکشمیر میں چین کی جانب سے سی پیک کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔

اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزادکشمیر میں سیاحت، ہائیڈرو، قیمتی پتھروں اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کا بہت پوٹینشل ہے۔ سرمایہ کار آگے بڑھیں ہم اس سلسلے میں اُن کی ہر طرح سے معاونت اور مدد کریں گے۔ آزادکشمیر میں جاری سی پیک کے منصوبوں بالخصوص میرپور مظفرآباد مانسہرہ موٹروے، میرپور میں سی پیک بزنس سنٹر کا قیام اور دیگر پروجیکٹس پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے جلد مستفید ہو سکے۔
اس موقع پراعزازی صدارتی مشیر برائے انوسٹمنٹ ایشیاء و ہانگ کانگ کے ممتاز صنعتکار لال دینو مری بلوچ نے کہا کہ ہم ہانگ کانگ انڈونیشیاء اور چین میں بھی 5فروری کو کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔

اس موقع پر اعزازی صدارتی مشیر برائے انوسٹمنٹ ایشیاء و ہانگ کانگ کے ممتاز صنعتکار لال دینو مری بلو چ نے صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو ہانگ کانگ اور چین کے دورے کی دعوت دی جو صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ مناسب وقت پر چین اور ہانگ کانگ کا دورہ کریں گے۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور اعزازی صدارتی مشیر برائے انوسٹمنٹ ایشیاء و ہانگ کانگ کے ممتاز صنعتکار لال دینو مری بلوچ کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Scroll to Top