میرپورآزادکشمیر(محمد اعظم سے)سپریم کورٹ سرکٹ میرپور کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ۔
چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر راجہ سعید اکرم خان نے تعمیراتی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے تقریب میں شرکت کرتے ہوئے تعمیراتی منصوبے کا افتتاح کیا۔ تقریب میں آزاد جموں و کشمیر کی عدلیہ سے وابستہ اعلیٰ شخصیات، وکلاء برادری، سرکاری افسران اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔یہ منصوبہ 873 ملین روپے کی لاگت سے 12 کنال رقبے پر تعمیر کیا جائے گا اور توقع کی جا رہی ہے کہ 3 سال میں مکمل کر لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:وزیر ہائیر ایجوکیشن آزاد کشمیر ظفر اقبال ملک یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرامریکہ جائینگے
اس پراجیکٹ کی نگرانی محکمہ فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ آزاد جموں و کشمیر کرے گا، جو جدید طرزِ تعمیر کے مطابق اس منصوبے کو مکمل کرے گا تاکہ عدلیہ کے لیے ایک معیاری اور مؤثر سہولت فراہم کی جا سکے۔تقریب میں معزز شخصیات کی شرکت ۔افتتاحی تقریب میں چیف جسٹس ہائی کورٹ، معزز جج صاحبان، سینئر وکلاء، عدالتی افسران شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ نئی عمارت عدلیہ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر قانونی سہولیات میسر آ سکیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ عدالتی امور کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
چیف جسٹس نے اپنی تقریر میں چیف جسٹس ہائی کورٹ سمیت تمام معزز مہمانوں اور وکلاء برادری کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ منصوبہ بروقت مکمل ہوگا، جس سے عدالتی امور مزید بہتر انداز میں انجام د ئیے جا سکیں گے۔تقریب میں موجود وکلاء برادری نے اس اہم پیش رفت پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ نئی عمارت انصاف کی جلد اور شفاف فراہمی میں مددگار ثابت ہوگی۔