آزاد جموں و کشمیر میں خوشگوار دھوپ کے ساتھ سردی کی شدت برقرار

آزاد جموں و کشمیر میں آج، 3 فروری 2025 کو موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور جزوی طور پرمطلع  ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں سردی کا راج برقرار رہے گا، پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور جزوی طور پر مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی کشمیر،خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مظفرآباد میں آج ہلکی دھوپ کے ساتھ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 5 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے جبکہ باغ میں آج چمکدار دھوپ کے ساتھ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16.7°C اور کم سے کم 5°C رہنے کا امکان ہے۔ حویلی

کہوٹہ میں حالیہ بارش اور برفباری کے بعد موسم مزید خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ تازہ برفباری نے وادی کے حسن کو دوبالا کر دیا ہے۔ لسڈنہ، حاجی پیر، پیر پنجال اور مین سر کے بلند پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہےجس  کی وجہ سے قدرتی مناظر مزید دلکش ہو گئے ہیں۔ برفباری کے باعث کئی شاہراہیں  بند ہو گئی تھیں، تاہم محکمہ شاہرات حویلی اور باغ کی انتھک محنت سے بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ محمود گلی عباس پور روڈ اور لسڈنہ محمود گلی روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے جبکہ پونچھ کو ملانے والی اہم شاہراہ، لسڈنہ تولی پیر روڈ بھی بحال کر دی گئی ہے جس تاکہ  عوام کو آمد و رفت میں  آسانی ہو جائے۔

گزشتہ روز آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث موسم مزید حسین اور سرد ہوگیا تھا۔ مظفرآباد اور گردونواح میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہوتی رہی جبکہ نیلم، لیپہ، راولاکوٹ اور باغ کے بلند علاقوں میں شدید برفباری ریکارڈ کی گئی۔ برفباری کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہےاور مقامی افراد نے خوبصورت موسم کا  بھر پور لطف اٹھایا ہے۔ دوسری جانب بعض بلند مقامات پر برفباری کے نتیجے میں راستے بند ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں جس کے پیش نظر حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر کرنسی ایکسچینج کے تازہ ترین ریٹس

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ پیر، منگل اور بدھ کے روز بارش اور برفباری کے امکانات موجود ہیں۔ بدھ، 5 فروری: 40 فیصد بارش متوقع ہے اور درجہ حرارت 63°/40° رہے گا جبکہ اتوار، 9 فروری کو 40 فیصد بارش کا امکان ہےاور درجہ حرارت 64°/48° ہونے کی پیشگوئی ہے۔ پیر، 10 فروری اور منگل11 فروری کو 50 فیصد بارش کی پیشگوئی کے ساتھ  درجہ حرارت بالترتیب 64°/45° اور 64°/44° رہنے کا امکان ہے۔

مقامی افراد اور سیاح اس خوبصورت موسم سے لطف اندوز ہو نے کے ساتھ قدرتی مناظر کو انجوائے کر رہے ہیں ، بلند مقامات پر برفباری کے باعث راستے بند ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے اس لیے مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے ، مزید موسمی اپڈیٹس کے لیے محکمہ موسمیات کی رپورٹس پر نظر رکھیں۔

Scroll to Top