الیکشن کمشنر انجمن تاجران پلندری سردار محبوب علی کا ساتھیوں سمیت عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان

پلندری :الیکشن کمشنر انجمن تاجران پلندری سردار محبوب علی نے ممبران الیکشن کمیشن سمیت اپنے عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ،کئی سالوں سے انجمن تاجران پلندری کے انتخابات میں بطور الیکشن کمشنر فرائض سر انجام دینے والے الیکشن کمشنر سردار محبوب علی ،سیکرٹری الیکشن کمشنر سید مبشر حسین ،ممبران الیکشن کمیشن حاجی محمد حفیظ اور ذوالفقار احمد زرگر نے اپنے اپنے عہدوں سے باقاعدہ مستعفی ہونے کا اعلان پلندری میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا

انہوں نے اپنا استعفی منتخب باڈی انجمن تاجران پلندری کے حوالہ کیا اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کئی سالوں سے انجمن تاجران پلندری کے انتخابات میں بطور الیکشن کمیشن اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے اور کئی الیکشن پوری دیانتداری اور ایمانداری سے کروائے کبھی ہم پر کسی نے انگلی نہیں اٹھائی گزشتہ الیکشن میں ایک پینل کے کامیاب ہونے پر مد مقابل دو پینلز نے دھاندلی کا الزام لگایا اور بغیر کسی ثبوت کے نتائج تسلیم کرنے سے نہ صرف انکار کیا بلکہ ہنگامی آرائی اور الیکشن کمیشن کے عملہ پر جانبداری کا بھی الزام لگایا اور منتخب باڈی کو نہ صرف تسلیم کرنے سے انکار کیا

بلکہ ایک متوازی بادی قائم کر دی جو الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کا واضح ثبوت تھا جس کے بعد ہمارا الیکشن کمیشن میں رہنا مناسب نہیں تھا اب چونکہ انجمن تاجران کے نئے الیکشن کا پراسیس ہونا ہے لہذا ہم نے اس سے قبل ہی مناسب سمجھا کہ اپنے عہدوں سے مستعفی ہو جائیں تاکہ منتخب تنظیم نئے الیکشن کمیشن کا قیام عمل میں لائے انکا مزید کہنا تھا کہ انجمن تاجران پلندری ایک غیر سیاسی پلیٹ فارم ہے اور ہم نے بھی ہمیشہ کوشش کی کہ اسے غیر سیاسی ہی رکھا جائے اور مکمل غیر جانبداری سے اپنے فرائض سر انجام دیئے جائیں تاہم گزشتہ الیکشن میں ہم پر جو الزامات لگائے گئے اس کے بعد اخلاقی طور پر الیکشن کمیشن میں رہنا ہمارے لئے مناسب نہیں تھا لہذا ہم نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا ہیکہ ہم اپنے عہدوں سے استعفی دیتے ہیں

Scroll to Top