اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کل 5فروری کو پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ”یوم یکجہتی کشمیر” بھرپور انداز میں منائے گی۔ انجینئر امیر مقام نے اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی اورسینئر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور کشمیریوں میں دائمی رشتہ ہے اور کشمیریوں کی غیرمتزلزل حمایت ہمارے منشور کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے مسئلہ کشمیرکو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زوردیا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ 5فروری کو دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے اوراس سلسلے میں مختلف پروگراموں کا اہتمام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ایک بار پھرکراچی سے خیبر تک یوم یکجہتی کشمیر منا رہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ اس سلسلے میں حکومت پاکستان،صوبائی حکومتوں، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں نے خصوصی پروگرامز ترتیب دے رکھے ہیں اور انشاء اللہ اظہاریکجہتی سے کنٹرول لائن کے ا س پار بھرپور پیغام جائے گا۔
انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کی حکومت اور عوام کو کشمیریوں کی حمایت سے دستبردار نہیں کراسکتی،پاکستان اور کشمیری عوام یک جان دو قالب ہیں ۔دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو پاکستان سے جدا نہیں کرسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا یہ اصولی موقف ہے کہ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ 5اگست 2019 کو بھارتی آئین کی دفعہ 370اور 35اے کے خاتمے کے بعد بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی آبادی کا تناسب تیزی سے تبدیل کررہا ہے اوراس مقصد کے لئے بھارت کی حکومت نے علاقے میں بھارتی قوانین بھی نافذ کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بیرون ملک قائم پاکستانی مشنز یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے خصوصی ریلیز، جلسوں،سیمیناروں،تصویری نمائشوں اوردیگر تقریبات کا انعقاد کریں گے جن میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی اور بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔ حریت رہنما غلام محمد صفی نے اس موقع پر کہا کہ 5فروری کو پاکستان میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے قائداعظم محمد علی جناح کی پالیسی واضح تھی کہ ” کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے”۔