اسلام آباد: رکن قومی اسمبلی مسلم لیگ ن ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ آج یوم یکجہتی کشمیر پورے عزم کے ساتھ منائیں گے ۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان کا ایک ایک بچہ، مرد اور خواتین کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہر عالمی فورم پر کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں، مظلوم کشمیریوں کی سیاسی جدوجہد اور ان کے استصواب رائے کے حق کیلئے سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ کشمیری ہر پاکستانی کے دل کے قریب ہیں اوروہ یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبے کے ساتھ منا کر کشمیریوں کی اپنے حق خود ارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہدکی سیاسی و سفارتی حمایت اور غیر متزلزل عزم کا اظہار کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوںکی جدوجہد آزادی تحریک پاکستان کا تسلسل ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہاکہ5فروری کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سمیت پوری دنیا میں بسنے والے کشمیری اور پاکستانی یہ دن پورے عزم کے ساتھ مناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے ہم نے ایک ایجنڈا تشکیل دیا ہے،
وزارت امور خارجہ سمیت تمام متعلقہ وزارتوں نے مل کر یہ ایجنڈا تشکیل دیا ہے، 5 فروری کو شاہراہ دستور پر واک منعقد ہو گی جس میں مختلف مکاتب فکر کے لوگ شرکت کریں گے، وفاقی دارالحکومت میں تمام اہم مقامات پر بینرز لگائے جائیں گے جن پر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو اجاگر کیا جائے گا۔
اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومتوں میں سیمینارز منعقد ہوں گے، اس کے علاوہ بیرون ملک تمام فارن مشنز میں بھی مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی اور کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو اجاگر کرنے کے سلسلہ میں تقاریب منعقد ہوں گی، آزاد کشمیر اور پاکستان کی سرحد ملانے والے پانچ پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔
چیمپئینز ٹرافی کی ٹکٹوں کا حصول شائقین کرکٹ کیلئے چیلنج بن گیا