مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردار عتیق خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کامیابی سے ہمکنار ہوگی اور کشمیری شہداء اور حریت پسندوں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پراپنے پیغام میں سردار عتیق نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا تعلق اٹوٹ انگ ہے اور اس تعلق کو دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی۔
کشمیریوں نے قیام پاکستان سے پہلے اپنا مقدر پاکستان کے ساتھ وابستہ کیا تھا۔مجاہد اول نے کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ دے کر اس تعلق کو مضبوط کیا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ ہیں۔بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کر رہا ہے دنیا کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر دنیا کو خطے میں امن درکار ہے تو پھر دیرینہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہوگا۔اس کے سوا خطے میں امن کا کوئی راستہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں،کشمیر کا بچہ بچہ ہندوستان کو اجنبی سمجھتا ہے ہندوستان کو کشمیر میں کبھی کامیابی نہیں ہو سکتی۔
یہ بھی پڑھیں:سینئر وزیروقار نور کااپوزیشن اور اتحادیوں کو27ممبران پورے کرنے کا چیلج
مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر حق خودارادیت کا تسلیم شدہ مسئلہ ہے 10لاکھ فوجیوں کی موجودگی کے باوجود ہر کشمیری کی زبان پر کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ ہے۔
اہل کشمیر یکجہتی کے بھر پور اظہا پر حکومت پاکستان اور پوری پاکستانی قوم کے شکر گزار ہیں انشاء اللہ جلد ہی ہندوستان کو کشمیر سے نکلناہو گا ۔