یومِ یکجہتی کشمیر،بہادر کشیریوں کو سلام پیش کرتا ہوں، شہبازشریف

پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جائے گا، کشمیر ڈے پر ملک بھر میں مختلف سرکاری و غیر سرکاری اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئےجلسے، جلوس، ریلیوں کے ساتھ سیمینارز بھی منعقد کئے جائیں گے۔

پورے ملک اور آزاد کشمیر میں صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائیگی اور خصوصی تقاریب بھی منعقد کی جائیں گی۔کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بھی بنائی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:یوم یکجہتی کشمیر پرعسکری قیادت کا پیغام

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے نیا نغمہ بھی جاری کیاگیا ہے۔

ہر سال5 فروری کو اہل پاکستان اور آزاکشمیر کے عوام مقبوضہ کمشیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ان کو یقین دلاتے ہیں کہ آزادی کی جدوجہد میں ہم آپ کے شانہ بشانہ ہیں۔

وزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف آج دن کو قانون سازاسمبلی آزادکشمیر کے اجلاس سے خطاب کرینگے۔ شہبازشریف کشمیری قیادت اور حریت قیادت سے ملاقاتیں بھی کرینگے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ تقریبات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے ہونیوالی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا جائیگا اور بھارتی مظالم کے باوجود آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے والے کشمیریوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا جائیگا۔

یہ بھی پڑھیح:پانچ فروری : پاکستانی قوم کشمیری عوام کیساتھ کھڑی ہے، طارق فضل چوہدری

قبل ازیں اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہر سال ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ مناتے ہیں تاکہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کی مستقل حمایت کی تجدید کی جاسکے۔

افسوس کہ کشمیری عوام گزشتہ 78 سال گزرنے کے باوجود اس ناقابل تنسیخ حق کو استعمال نہیں کر سکے۔ بھارت مقبوضہ وادی میں آزادی کا تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے، مشرق وسطیٰ کی حالیہ پیش رفت اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ دیرینہ تنازعات کو مزید طول نہیں دیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کا تنازعہ ہماری خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون رہے گا۔ پاکستان کشمیری عوام کے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق، حق خودارادیت کے حصول تک ان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں اس موقع پر بہادر کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں، جو اپنے بنیادی حقوق اور آزادیوں کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد میں لاتعداد قربانیاں دے رہے ہیں۔

 

Scroll to Top