جہلم ویلی میں ریلیاں، انسانی زنجیر اور آزادی کے نعروں کی گونج

جہلم ویلی : آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی میں 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر میں  بھرپور جوش و خروش دیکھا گیا۔ ضلعی انتظامیہ، انجمن تاجران، سول سوسائٹی اور مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی شرکت کے ساتھ یہ دن اتحاد اور یکجہتی کے عملی نمونے کے طور پر منایا گیا۔

ہٹیاں بالا کے چھوٹے اور بڑے شہروں میں مکمل شٹر ڈاؤن رہا، جہاں ریلیوں کے شرکاء نے “ہم لے کر رہیں گے آزادی” اور “کشمیر بنے گا پاکستان” جیسے نعرے لگائے۔ مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہٹیاں بالا میں منعقد ہوئی، جہاں ایک منٹ کی خاموشی کے بعد ریلی نکالی گئی۔ ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے پریس کلب تک گئی اور ہٹیاں بالا پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر سید اشفاق گیلانی نے کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 5 فروری کا دن پاکستان اور کشمیریوں کے اٹوٹ رشتے کی علامت ہے جو کئی دہائیوں سے جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ہر آزمائش میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کنٹرول لائن کے قریب انسانی زنجیرکے زریعے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار

ریلی کے دوران بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی گئی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کروائی جائیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ شرکاء نے کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد آزادی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اپنے حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ریلی میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، سول سوسائٹی، تاجر برادری، وکلاء، میڈیا نمائندگان، طلباء و طالبات، علمائے کرام اور ہر طبقہ فکر کے افراد نے شرکت کی۔ ہٹیاں بالا بازار میں آزادی کشمیر کے پوسٹرز اور بینرز آویزاں کیے گئے تھے جبکہ طلباء نے نعرے درج کتبے تھام رکھے تھے۔ تقریب کے اختتام پر پاک فوج، پاکستان کی سلامتی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

Scroll to Top