مظفرآباد،یکجہتی کشمیر نمائشی کرکٹ میچ سرینگر الیون نے جیت لیا

مظفر آباد:یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نظامت اعلیٰ سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر کے زیر اہتمام نمائشی کرکٹ میچ سری نگر الیون و جموں الیون کے مابین نڑول سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

میچ کے مہمان خصوصی  کرکٹ سٹار شاہد خان آفریدی تھے۔اس موقع پر وزیر سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر عاصم شریف بٹ،سیکرٹری سپورٹس راشد حنیف،سیکرٹریزخالد محمودمرزا، چوہدری عبدالرحمن ودیگرموجود تھے۔

جموں کشمیر الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 10اوور میں 92رنز بنائے جبکہ سرینگر الیون نے اس سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ 6 وکٹس سے اپنے نام کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں:شاہد آفریدی کا مظفرآباد میں کرکٹ ڈپلومیسی کا مظاہرہ، سری نگر میں لیگ کرانے کی خواہش

شاہد خان آفریدی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نمائشی میچ کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرنا اور تحریک آزادی کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنا ہے۔

شاہد خان آفریدی نے وزیر سپورٹس عاصم شریف بٹ،سیکرٹری راشد حنیف،ڈائریکٹر سپورٹس لیاقت حیات اور شائقین ِ کرکٹ کا پرجوش انداز میں استقبال کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کی کشمیر سے محبت لازوال ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم کی محبت اور عزت کا ہمیشہ سے مشکور رہاہوں۔کشمیر ی عوام سے میرا تعلق آج کا نہیں بلکہ بہت پرانا ہے۔

کشمیر میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ اس سے پہلے بھی کشمیری ٹیلنٹ کو پاکستان کے بڑے ٹورنامنٹس میں کھیلنے کے مواقع فراہم کئے اورکشمیر سے مزید ٹیلنٹ کی تلاش جاری ہے۔

آخر میں وزیر سپورٹس عاصم شریف بٹ،سٹارکرکٹر شاہد خان آفریدی نے کھلاڑیوں ونر،رنر ٹرافیاں اور شیلڈز تقسیم کیں۔

Scroll to Top