لاہور:نئے نویلے قذافی اسٹیڈیم کی اولین آزمائش کا وقت آگیا، ٹرائنگولر سیریز کا افتتاحی میچ آج ہفتے کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائیگا، تیسری ٹیم جنوبی افریقہ ہے، گزشتہ روز تینوں کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی بھی کردی۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل تین وینیوز کو اپ گریڈ کیا ہے، ان میں سے ایک قذافی اسٹیڈیم لاہور بھی ہے، اس کی پہلی آزمائش ہفتے کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹرائنگولر سیریز میچ سے ہوگی۔
سنگل لیگ فارمیٹ میں ہونے والے ایونٹ میں ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف ایک میچ کھیلے گی۔فائنل 14 فروری کو کراچی میں 2 ابتدائی سائیڈزکے درمیان ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کو شکست دیں، وزیراعظم کا قومی ٹیم کو ہدف
ٹرائنگولر سیریز تینوں ٹیموں کو 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کا موقع بھی فراہم کرے گی،پاکستانی کپتان محمد رضوان کی نظریں مسلسل چوتھی ون ڈے سیریز کی جیت پر مرکوز ہیں
اس حوالے سے رضوان کا کہنا ہے کہ ہم اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کے لئے پْرجوش ہیں ، چیمپئنز ٹرافی سے قبل ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اعتماد بڑھانا چاہتی ہے۔
دوسری جانب کیویز نے گزشتہ روز ایل سی سی اے گراؤنڈ میں بھرپور ٹریننگ کی ،کھلاڑیوں نے بیٹنگ،بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کی، کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ ہم پاکستان سے میچ کے لیے تیار ہیں ، یہ سیریز ہمیں چیمپئنز ٹرافی کے لیے پچز کو سمجھنے میں مدد دے گی۔