پرنس کریم کا انتقال،آزادکشمیر میں آج یوم سوگ، پرچم سرنگوں رہے گا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کی وفات پر آج 08 فروری 2025 کو آزاد جموں وکشمیر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔

صدر ریاست کی منظوری سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ریاست بھر میں ریاستی پرچم سرنگوں رہے گا۔ حکومت کی طرف سے پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر اظہار افسوس بھی کیا گیا ہے۔

قبل ازیں وفاقی حکومت نے بھی یوم سوگ کا اعلان کیا تھا،یو ں ملک بھر میں قومی پرچم بھی سرنگوں رہے گا،پرنس کریم آغا خان کی تدفین میں شرکت کیلئے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب لزبن پہنچ گئے ہیں۔

پرنس کریم آغا خان چہارم کی نماز جنازہ پرتگال کے دارالخلافے لزبن میں آج مقامی وقت کے مطابق دن کے 11 بجے ادا کی جائے گی۔ اسماعیلی سینٹر لزبن میں اد کی جانے والی نماز جنازہ میں صرف مدعو کئے گئے افراد ہی شرکت کرسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پرنس رحیم آغا خان اسماعیلی کمیونٹی کے نئے روحانی پیشوا مقرر

جماعت کی نمائندگی دنیا بھر کے 22 قومی کونسلوں کے صدور کریں گے۔ نماز جنازہ اسماعیلی ٹی وی پر براہ راست نشر کی جائے گی۔ نماز جنازہ کو دنیا بھر میں جماعت خانوں میں براہ راست دکھانے کے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ اسماعیلی کمیونٹی کے 49ویں امام  مولانا شاہ کریم الحسینی المعروف پرنس کریم آغا خان کا انتقال 4 فروری کو پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہوا۔ ان کی عمر 88 برس تھی۔

واضح رہے کہ پرنس کریم آغا خان نے اپنی وصیت میں پرنس رحیم آغا خان کو اسماعیلی کمیونٹی کا 50 واں امام نامزد کیا تھا۔ اس بات کا اعلان خاندان اور جماعت کے سینئر اراکین کے سامنے پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں کیا گیا۔

Scroll to Top