آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں آج موسم سرد اور خشک ہے جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہےجبکہ زیریں علاقوں میں خشک سالی نے پانی کی قلت اور بیماریوں کو بڑھا دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے جو شہریوں کے لیے خوشخبری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مظفرآباد میں سردی کی شدت کے ساتھ موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ دن کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ اور رات کے وقت کم سے کم 5 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ آئندہ دنوں میں ہلکی بارش کی توقع ہے جبکہ نیلم ویلی میں موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے۔ بالائی علاقوں میں خون شدید سردی برقرار ہے اور درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی ہے جس سے علاقے کی خوبصورتی مزید بڑھ سکتی ہے۔
دوسری جانب باغ کے علاقے میں موسم سرد اور خشک ہے یہاں دن کے وقت درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ اور رات کے وقت 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔ علاقے میں بارش نہ ہونے کے باعث پانی کی قلت کا سامنا ہے، لیکن آئندہ دنوں میں بارش کی امید ہے۔ راولاکوٹ میں بھی سردی اپنی شدت کے ساتھ برقرار ہے جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 1 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آئندہ دنوں میں یہاں بارش اور برفباری متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر: پی ٹی آئی کا آج8 فروری کو یومِ سیاہ کا اعلان، حکومت کا کریک ڈاؤن جاری
کوٹلی میں موسم سرد اور صاف رہے گا۔ دن کے وقت درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ رات کے وقت 7 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ خشک سالی کے باعث شہریوں کو بیماریوں کا سامنا ہے اور ان کواحتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حویلی کہوٹہ میں بھی زیریں علاقوں میں مطلع صاف ہے جبکہ بالائی علاقوں میں موسم ابر آلود ہے، یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ صبح کے اوقات میں درجہ حرارت منفی درجے تک گر سکتا ہے۔ سدھنوتی میں موسم سرد اور خشک رہے گا یہاں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ اور رات کے وقت کم سے کم 4 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے یہاں بھی آئندہ دنوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہےجو مقامی لوگوں کے لیے خوش آئند بات ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں برفباری ہو سکتی ہے۔ پانی کے ذخائر کا احتیاط سے استعمال کریں اور گرم کپڑوں کا استعمال یقینی بنائیں۔ سرد موسم کے باعث بیماریوں سے بچاؤ کے لیے صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور مزید معلومات کے لیے محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ پر رجوع کریں۔