پلندری: بانی تحریک انصاف عمران خان کی کال پر آزاد کشمیر کے ضلعی ہیڈ کوارٹر پلندری میں احتجاجی مظاہرہ اور ریلی جاری ہے۔ مظاہرے کی قیادت نائب صدر پونچھ ڈویژن سردار بابر رزاق اور ضلعی صدر سردار اصغر خان کر رہے ہیں جبکہ کارکنان احتجاج میں شرکت کر رہے ہیں ۔
تحریک انصاف کے کارکنان نے پارٹی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے ہیں اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی جارہی ہے، مظاہرے میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47 پر بنائی گئی جعلی حکومت کو مسترد کرتے ہیں اور عمران خان کی فوری رہائی کے ساتھ ساتھ چھینا گیا مینڈیٹ واپس کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور مینڈیٹ کی واپسی تک احتجاج جاری رہے گا۔ تاہم، آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں سمیت سدھنوتی میں تحریک انصاف اپنی قیادت کی کال پر کارکنان کو بڑی تعداد میں نکالنے میں ناکام رہی جس سے مظاہروں کا اثر محدود رہا ہے ۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 2021ء کے انتخابات میں آزاد جموں و کشمیر کی 32 نشستیں جیت کر حکومت بنائی تھی لیکن وقت گزرنے کے ساتھ پارٹی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس وقت 24 اراکین اسمبلی فاروڈ بلاک بنا کر حکومت میں شامل ہیں جبکہ چھ اراکین اپوزیشن کا حصہ ہیں۔ایک نشست پر سابق وزیر اعظم آزادجموں کشمیر و سابق صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر تنویر الیاس کی عدالتی نااہلی کے بعد پیپلز پارٹی کے ضیاء القمر کامیاب ہوئے اور ایک نشست پرعدالتی حکم کے بعددوبارہ گنتی میں اڑھائی سال بعد تحریک انصاف رکن اسمبلی مقبول گجر ہارے جبکہ ان کی جگہ مسلم لیگ نواز کے اسماعیل گجر کو کامیاب قرار دیا گیا۔ یوں تحریک انصاف دو نشستوں سے محروم ہوگئی۔ جس سے پارٹی کو مزید سیاسی دباؤ کا سامنا ہے۔