آزاد کشمیر کے عوام کے لیے صحت کارڈ کی فراہمی: سالانہ 5 ارب روپے کا تخمینہ

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے وزیر صحت نثار انصر ابدالی نے اعلان کیا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کو صحت کارڈ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے سالانہ 5 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس سلسلےمیں جلد ہی اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہونے کے بعد آزاد کشمیر کے عوام کو صحت کارڈ جاری کرنے کا عمل شروع ہوجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق اس منصوبے کے تحت آزاد کشمیر کے تمام شہریوں کو صحت کارڈ فراہم کیے جائیں گے جس سے وہ ملک بھر کے معیاری ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد صحت کی معیاری سہولیات تک عوام کی رسائی کو یقینی بنانا اور علاج معالجے کے اخراجات سے متعلق ان کی مشکلات کو کم کرنا ہے۔

وزیر صحت نثار انصر ابدالی نے مزید کہا کہ حکومت آزاد کشمیر عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے اور صحت کارڈ کا اجراء اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے سے آزاد کشمیر کے عوام کی صحت کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی اور انہیں علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نیلم کے انتخابات: بشارت میر صدر، یوسف میر جنرل سیکرٹری منتخب

اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد صحت کارڈ کے اجراء کا عمل تیزی سے مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام جلد از جلد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

Scroll to Top