طلباء یونین کی بحالی کے لیے اے ٹی آئی کا ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان

مظفرآباد (09 فروری 2024):انجمن طلباء اسلام (اے ٹی آئی) نے طلباء یونین کی بحالی اور الیکشن کروانے کے لیے ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انجمن طلباء اسلام کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان کے بعد لاہور سے اسلام آباد تک ’’طلباء یونین بحالی اور الیکشن کراؤ مارچ‘‘ کیا جائے گا۔ اے ٹی آئی کے رہنما سجاد رشید مصطفائی نے حکومت کو رمضان تک الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبائی حکومتوں کو طلباء یونینز کی بحالی کے ساتھ انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرنے کے لیے زور دے۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ سندھ اور کشمیر میں 2021 میں یونینز کی بحالی کے باوجود ابھی تک انتخابات نہیں کرائے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت طلبہ سیاست کو روک رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ملک میں موروثی سیاست کا خاتمہ کرنا ہے تو طلبہ سیاست کو فروغ دینا ضروری ہے تاکہ تعلیمی میدان میں تربیت یافتہ نوجوان آئندہ اسمبلیوں کا حصہ بن کر ملک کو بحرانوں سے نکال سکیں۔

اے ٹی آئی کے رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ طلباء یونینز پر غیر آئینی پابندی فوری طور پر ختم کی جائے اور طلبہ کے جمہوری حقوق کا احترام کیا جائے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک کی نوجوان نسل کو بیرونی قوتوں کے اثرات سے بچانے کے لیے تعلیمی نظام میں اصلاحات ضروری ہیں اور طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ کر کے یکساں تعلیمی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

Scroll to Top