مظفرآباد: آزاد کشمیر میں صحافت کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے، جہاں “کشمیر ڈیجیٹل” کے افتتاح نے جدید صحافتی رجحانات کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز9 فروری 2025 کو پی سی ہوٹل مظفرآباد میں ہونے والی “کشمیر ڈیجیٹل” کی شاندار افتتاحی تقریب میں مختلف سیاسی، سماجی اور میڈیا سے وابستہ نمایاں شخصیات نے شرکت کی اور اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔ اس موقع پر کشمیر ڈیجیٹل کے سی ای او مصور عباسی نے نیٹ ورک کا افتتاح کیا اور اس کے مقاصد و اہمیت پر روشنی ڈالی۔
سی ای اومصور عباسی کا وژن:
کشمیر ڈیجیٹل کے سی ای او مصور عباسی نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ یہ نیٹ ورک نہ صرف خبروں کی ترسیل میں جدت لائے گا بلکہ آزاد کشمیر کی ثقافت، زبانوں اور مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے بھی ایک موثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس نیٹ ورک کا مقصد تحقیق، معلومات کی مستند فراہمی، اور عالمی سطح پر کشمیر کی آواز کو پہنچانا ہے۔
راجہ فرخ ممتاز کا بیان:
پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے رہنما راجہ فرخ ممتاز نے تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’کشمیر ڈیجیٹل کا افتتاح ہمارے لیے خوش آئند ہے۔ یہ پلیٹ فارم تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے اور آزاد کشمیر کے مسائل کے حل کے لیے ایک بہترین ادارہ ثابت ہوگا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ مظفرآباد میں موجود اس چینل کا دفتر بیس کیمپ کے طور پر تحریک آزادی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
خواجہ فاروق احمد کا خصوصی خطاب:
اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی خواجہ فاروق احمد نے بھی افتتاحی تقریب کے موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا، ’’یہ دن ہمارے لیے باعثِ مسرت ہے کیونکہ مظفرآباد میں ایک اہم ایونٹ منعقد ہوا ہے۔ کشمیر ڈیجیٹل نہ صرف تحریک آزادی کو تقویت بخشے گا بلکہ آزاد کشمیر کو ماڈل اسٹیٹ بنانے کے وعدے کو پورا کرنے میں بھی مددگار ہوگا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پلیٹ فارم پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے اور ممکنہ غلط فہمیوں کو ختم کرنے میں بھی مثبت کردار ادا کرے گا۔
تقریب کی جھلکیاں:
افتتاحی تقریب میں آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام کے درمیان تعلقات، تحریک آزادی کشمیر اور خطے کے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ کشمیری عوام چاہتے ہیں کہ پاکستان مضبوط ہو اور عالمی فورمز پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کرے۔
خواجہ فاروق احمد نے اپنی پارٹی تحریک انصاف کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم کشمیری عوام کے لیے ایک نئے دور کی شروعات ہے اور ہم اسے کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔
کشمیر ڈیجیٹل کا مقصد اور کردار کیا ہے؟
یہ آزاد کشمیر کا پہلا ڈیجیٹل نیوز نیٹ ورک ہےجو مقامی و بین الاقوامی سطح پر آزاد کشمیر کی ثقافت، زبانوں اور مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے کام کرے گا۔ کشمیر ڈیجیٹل کا قیام ایک نئے دور کی شروعات ہےجہاں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے خبروں کی مستند اور بروقت ترسیل ممکن ہوگی۔
شرکاء نے کشمیر ڈیجیٹل کی ٹیم کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ پلیٹ فارم آزاد کشمیر کی ترقی اور تحریک آزادی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔




