12 فروری 2025 : وادی نیلم کے موسم میں خوبصورت تبدیلی کے ساتھ برف باری کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے تاہم ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے سفر کرنے والوں کے لیےچند ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نیلم، محکمہ موسمیات اور انتظامیہ کی فراہم کی گئی معلومات کے مطابق نیلم بالائی علاقے میں برفباری کا سلسلہ گذشتہ روز سے جاری ہے۔ پیر چنا سی میں روڈ سراں تک کھلی ہےلیکن سفر کے لیے فور بائی فور گاڑیاں استعمال کی جائیں جبکہ وادی لیپہ میں شدید برفباری جاری ہے اور ریشیاں لیپہ روڈ پر چھ انچ سے زائد برف پڑ چکی ہے تاہم فور بائی فور4×4 گاڑیوں کے لیے راستہ کھلا ہے۔
نیلم چلہانہ تا کیل روڈ کی مین شاہراہ نیلم چلہانہ تا کیل ٹریفک کے لیے بحال ہے جس کا مطلب ہے کہ اس روٹ پر گاڑیوں کا سفر ممکن ہے،کیل تا اوبت روڈ فی الحال ٹریفک کے لیے بند ہے اور یہ سفر کے لیے موزوں نہیں ہے۔ اس روڈ پر برفباری اور سڑک کی حالت سفر کے لیے غیر محفوظ ہیں تاہم آزاد کشمیر بین الاضلاعی رابطہ سڑکیں ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال ہیں جس سے مختلف علاقوں کے درمیان نقل و حرکت باآسانی ممکن ہے۔
موسم کی تاذہ ترین صورتحال کے مطابق وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں موسم ابر آلود ہے اور بعض مقامات پر ہلکی بارش جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج وادی لیپہ کے پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ہے جس سے سفری مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وادی نیلم کے بالائی علاقوں، ارنگ کیل، کیل اور تاوبت میں ہلکی برفباری ہو رہی ہے لیکن روڈ شاردہ تک ہر طرح کی ٹریفک کے لیے موزوں ہے۔
شہریوں کو محکمہ موسمیات کی ہدایات پر عمل کرنے اور موسم کی تبدیلی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔