وزیراعظم آزادکشمیر کا یتیم طلبہ کی بورڈ رجسٹریشن و امتحانی فیس معاف کرنے کاا علان

میرپور( کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے یتیم طلباء وطالبات کی تعلیمی بورڈ کی رجسٹریشن اور امتحانی فیس معاف کرنے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپر مارکنگ میں بورڈ یا ممتحن کی غلطی پائی گئی تو بورڈ پیپر مارکنگ کی فیس اور 11گنا جرمانہ بچے کو واپس پہنچائے گا۔

تعلیمی بورڈ میرپور میں سالانہ تقریب تقسیم تمغہ جات و اعزازات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے چوہدری انورالحق نے کہا کہ اکیسویں صدی میں فرسودہ نظام تعلیم کے ساتھ باوقار زندگی ممکن نہیں، ہمیں تعلیم کے میدان میں اصلاحات اور جدت کی ضرورت ہے۔

موجودہ سٹیٹس کو کے ساتھ ہم ترقی نہیں کرسکتے۔بچوں کو معیاری تعلیم دے کر ساری دنیا میں مقابلے کے لئے تیار کرنا ہوگا۔ 21ماہ میں جس حد تک میرٹ کو یقینی بنا سکتا تھا میں نے کوشش کی،معاشرے کی بہتری کے لیے ہم سب کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ جو قومیں آزادی کی قدر نہیں کرتی تاریخ ان کا حشر نشر کردیتی ہے. سفارتی،سیاسی،اخلاقی حمایت سے بڑھ کر عملی جدوجہد کا وقت آگیا ہے۔اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہن،بھائیوں کی آزادی کیلئے خونی لکیر بھی عبور کرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کے لئے انگلی نہیں بلکہ گردن کٹانے کا وقت آگیا ہے اب  کوئی معذرت خوانہ انداز نہیں اپنانا،پاکستانی فوج ہماری محافظ فوج ہے جس کی قربانیوں سے ہماری آزادی برقرار ہے اور ہم پرسکون زندگی بسر کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں بطور وزیر اعظم ریاست کے وسائل پر اپنی اولاد سے بڑھ کر نظر رکھتا ہوں اور سوچ سمجھ کر خرچ کرتا ہوں، پیپر مارکنگ کے سلسلہ میں آئندہ راولاکوٹ یا مظفرآباد کا کوئی طالب علم میرپور نہیں آئے گا،بورڈ کے علاقائی دفاتر میں موجود ایل سی ڈی پر ہی طلبا و طالبات کو ان کے پرچے دیکھائے جائیں گے۔

پیپر مارکنگ کا واضح قانون موجود ہے کوئی معلم یا معلمہ بورڈ کی طرف سے تفویض کردہ پیپر مارکنگ کی ڈیوٹی سے انکار نہیں کرسکتا اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو سیکرٹری سکولز اور سیکرٹری کالجز اس کا نوٹس لے کر تادیبی کارروائی کریں۔انھوں نے کہاکہ بورڈ کی کسی غلطی کی وجہ سے سفید پوش والدین کے بچوں کی تعلیم کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ میں نے اپنی والدہ محترمہ کی اس نصیحت پر ہمیشہ عمل کرنے کی کوشش کی کہ جب تک زندگی ہو بھلائی اور نیکی کے لیے اپنے حصہ کی شمع ضرور روشن کریں۔

وزیراعظم نے امتحان ثانوی و انٹرمیڈیٹ سال 2023-24 میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں تمغہ جات،اعزازات و انعامات تقسیم کیے اور اول،دوئم اور سوئم آنے والے طلبا ءو طالبات کیلئے پچیس،بائیس اور بیس ہزار روپے کے نقد انعامات کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے بورڈ ملازمین کے لیے بونس کی منظوری دی اور پانی کے مسئلہ کے حل کیلئے ٹیوب ویل کی تنصیب کے لیے گرانٹ کا اعلان بھی کیا

تقریب کی صدارت چیئرمین تعلیمی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر نذر حسین چوہدری نے کی جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سیکرٹری بورڈ پروفیسر سردار لئیق خان نے سرانجام دیئے۔ تقریب سے آزاد کشمیر کے وزراء دیوان علی چغتائی،یاں عبد الوحید، چوہدری یاسر سلطان ، کرنل وقار احمد نور، چوہدری ارشد حسین، چوہدری اظہر صادق، چوہدری محمد اخلاق،چوہدری اکبر ابراہیم،مشیر کرنل ریٹائرڈ محمد معروف خان، معاون خصوصی محترمہ صبیحہ صدیق،وائس چانسلر مسٹ،سیکرٹریز حکومت،تعلیمی اداروں کے سربراہان، ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ،نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات ان کے والدین نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی چوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن ہوگا،مافیاز پر ہاتھ ڈالاتو چیخیں نکل گئیں ،وزیراعظم انوارالحق

Scroll to Top