آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو ایک اور مشکل کا سامنا ہے کیونکہ فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے ذاتی وجوہات کی بنا پر 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔ اس خبر نے کرکٹ اسٹارک کے فینز میں ایک مایوسی پیدا کردی ہے دوسری طرف اسٹارک کی عدم موجودگی سے ٹیم کے لیے مزید چیلنجز پیدا ہو سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے فاسٹ بالر مچل اسٹارک نےچیمپئنز ٹرافی سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہےدوسری طرف آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی پوزیشن پہلے ہی کئی کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل کے باعث کمزور ہو چکی تھی اور اب مچل اسٹارک کے نہ ہونے سے ان مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتاہے۔ آسٹریلیوی ٹیم کے مینیجر نے اس فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مچل اسٹارک کا ذاتی فیصلہ ہے اور ٹیم ان کے فیصلے کا احترام کرتی ہے جبکہ اسٹارک نے اس حوالے سے کسی بھی قسم کے تبصرے سے گریز کرتے ہوئے میڈیا سے اپنی پرائیویسی کی درخواست کی ہے۔
یہ خبر اس وقت آئی ہے جب ٹیم کے دیگر اہم کھلاڑیوں جیسے کہ کپتان پیٹ کمنز، فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ اور مچل مارش بھی فٹنس مسائل کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ آل راؤنڈر مارکوس اسٹوئنس نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا پہلے ہی اعلان کر دیا تھاجس نے ٹیم کی مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
ان تمام مسائل کے باوجودکرکٹ آسٹریلیا نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنے حتمی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ اسٹیو اسمتھ اس ایونٹ میں آسٹریلیا کی قیادت کریں گے۔ ٹیم میں اسمتھ کے علاوہ شان ایبٹ، الیکس کیری، بین ڈار شیوس، نیتھن ایلس، جیک فریزر میکگرک، ایرون ہارڈی، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس اور سپینسر جانسن بھی شامل ہیں۔ یہ اسکواڈ اس ظاہر کرتا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم نےان مشکل حالات میں بھی اپنے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے تاکہ چیمپئنز ٹرافی میں کامیاب ہو سکیں ۔