10 سال سے زیادہ اور 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے نادرا نے نئی سکیورٹی خصوصیات کے ساتھ تصویر اور انگلیوں کے نشانات والا ب فارم متعارف کروا دیا ہے, اس نئے اقدام کا مقصد بچوں کی شناخت کے عمل کو زیادہ محفوظ اور جدید بنانا ہے۔
تفصیلات کےمطابق نادرا نے 10 سال سے زیادہ اور 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے نئی سکیورٹی خصوصیات کے ساتھ جدید ب فارم متعارف کروا دیا ہے ساتھ ہی نادرا نے واضح کیا ہے کہ پہلے سے بنے ہوئے ب فارم کو منسوخ نہیں کیا جا رہا ہے اوراس سلسلے میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہیں بے بنیاد ہیں اس لیے والدین کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
نادرا کےمطابق وہ بچے جن کےب فارم پہلے سے بنے ہوئے ہیں اور انہیں پاسپورٹ بنوانے کے لیے ب فارم کی ضرورت ہےتو انہیں نئے معیار کے مطابق اپڈیٹڈ ب فارم حاصل کرنا ہوگا اور جن بچوں کا ب فارم پہلی بار بننا ہے اور ان کی عمر 10 سال سے زیادہ اور 18 سال سے کم ہے تو انہیں تصویر اور انگلیوں کے نشانات کے ساتھ نیا فارم جاری کیا جائے گا۔
نئےب فارم کے اجرا کے لیے پہلے درخواست جمع کروائی جائے گی جس کے لیے والدین اپنے بچوں کے ہمراہ قریبی نادرا سینٹر پر تشریف لے جا سکتے ہیں یا نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ نادرا نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی معلومات کے لیے نادرا کی آفیشل ویب سائٹ یا ہیلپ لائن سے رجوع کریں ،مزید تفصیلات کے لیے نادرا کی ویب سائٹ پر جائیں: https://www.nadra.gov.pk
نادرا کا پیغام ہے کہ یہ نیا اقدام شناختی عمل کو بہتر اور محفوظ بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔