مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)چیف جسٹس آزادکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ آزادکشمیر کی گولڈن جوبلی تقریبات شایان شان طریقے سے منعقد کی جائیں گی۔
رواں سال مئی میں سپریم کورٹ کی گولڈن جوبلی کے موقع پر مظفرآباد میں دو روزہ جوڈیشل کانفرنس ہوگی جس میں چیف جسٹس آف پاکستان، ججز صاحبان سپریم کورٹ آف پاکستان، چاروں صوبائی اور گلگت بلتستان کے چیف جسٹس صاحبان سمیت انٹرنیشنل مندوبین شرکت کریں گے۔
کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف جسٹس راجا سعید اکرم نے کہا کہ جوڈیشل کانفرنس میں آزاد کشمیر کی جوڈیشل تاریخ، سیاحت اور تحریک آزادی کشمیر پر خصوصی فوکس کیا جائیگا۔
اجلاس میں جسٹس خواجہ محمد نسیم، جسٹس رضا علی خان ،ایڈیشنل رجسٹرار سپریم کورٹ ملک احتشام، سیکرٹری سروسز ظفر محمود ، سیکرٹری قانون چوہدری سجاد، سیکرٹری اطلاعات عدنان خورشید، سیکرٹری سیاحت چوہدری عبدالرحمن، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شاہد ایوب، ڈائریکٹر اطلاعات راجہ امجد منہاس، ایڈیشنل سیکرٹری سروسز بشارت نبی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی گولڈن جوبلی تقریبات کو تاریخی ایونٹ بنانے میں تمام محکمہ جات مل کر کام کریں۔ پاکستان بھر اور بیرون ملک سے آنے والے مہمانوں کا شایان شان استقبال کیا جائیگا۔
جوڈیشل کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو خصوصی طور پر اجاگر کیا جائیگا، گولڈن جوبلی تقریبات کی یکم مئی سے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر تشہیر کی جائیگی۔
ینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم نے کہا کہ گولڈن جوبلی جوڈیشل کانفرنس تاریخی اہمیت کا ایونٹ ہے جس کی بھرپور تشہیر کو یقینی بنایا جائے ، بیرون ملک سے مندوبین کی شرکت سے دنیا بھر میں مثبت پیغام جائے گا۔
جسٹس رضا علی خان نے کہا کہ کانفرنس سے مظفرآباد میں منعقد ہونے سے ہم دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے فیصلہ دہلی میں ہوتے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں اپنی سپریم کورٹ موجود ہے۔