اسلام آباد( ویب ڈیسک)شب برأت آج جمعرات 14شعبان المعظم کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔
اس رات کو لیلۃ المبارکۃ یعنی برکتوں والی رات، لیلۃ الصک یعنی تقسیم امور کی رات اور لیلۃ الرحمۃ یعنی رحمت نازل ہونے کی رات بھی کہا جاتا ہے۔
اس رات مسلمان اپنے گناہوں سے توبہ استغفار کے لئے اللہ کے حضور سربسجود ہوں گے، اس مقدس رات میں اسلام کی سربلندی، وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی اور اخوت و بھائی چارے کے فروغ کے لئے بھی خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔
مساجد میں خصوصی تقاریب کا اہتمام ہوگا اور مساجد میں شب بیداری اہتمام کیا جائیگا، جن میں فرزندان اسلام نے نوافل اور تسبیحات سمیت مختلف عبادات ادا کریں گے۔
آج شب برأت کی افضل رات کے موقع پر لاکھوں شہری قبرستان جاکر اپنے پیاروں کے ایصال ثواب کے لئے قبروں پر حاضری دیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔
شب برات کے موقع پر قبرستانوں اورمساجد کے اطراف میں خصوصی طور پر صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ روشنی کا انتظام بھی کیا جاتا ہے۔