اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) محسن نقوی نے سہ فریقی سیریز میں جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے میچ جیتنے پر پاکستانی ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔
سہ ملکی سریز کے اہم میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلےگئے میچ میں جنوبی افریقا نے پہلےکھیلتے ہوئے پاکستان کو 353 رنز کا ہدف دیا جو قومی ٹیم نے محمد رضوان اور سلمان آغا کی شاندار سنچریوں کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 49 اوور میں پورا کرلیا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے میچ جیتنے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے زبردست کھیل پیش کیا اور مشکل ٹارگٹ کو حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے میچ جیت کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرکے قوم کو خوشیاں دیں۔محمد رضوان اور سلمان آغا کو شاندار بیٹنگ پر شاباش اور مبارکباد دیتا ہوں۔
چیئرمین محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کپتان محمد رضوان نے صحیح معنوں میں کیپٹنز اننگز کھیلی۔نائب کپتان سلمان آغا نے بھی شاندار بلے بازی کی۔پاکستانی کھلاڑیوں نے ٹیم ورک کا مظاہرہ کرکے جیت اپنے نام کی۔امید ہے کہ پاکستانی ٹیم سہ ملکی سیریز کا فائنل بھی جیتے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ ملکی سیریز کا فائنل کل 14 جنوری کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:سہ ملکی سیریز :جنوبی افریقہ کو شکست، رضوان اور سلمان کی سنچریاں، پاکستان فائنل میں پہنچ گیا