ترک صدر رجب طیب اردوان 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اپنی اہلیہ اور اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ 2 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق ترک صدر کے ہمراہ ترکیہ کی معروف کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں۔ نور خان ایئربیس پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔

صدر رجب طیب اردوان کی آمد پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور اسکول کے بچوں نے روایتی لباس میں ترک مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ ملٹری بینڈ نے اپنے مخصوص انداز میں ترک صدر کا خیرمقدم کیا جبکہ پاکستان کی فضائی حدود میں پاک فضائیہ کے جے ایف-17 طیاروں نے ان کے طیارے کو اپنی حفاظت میں اسلام آباد پہنچایا۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر کے نوجوان نے شمسی توانائی سے چلنے والی کار تیار کر لی

ترکیہ کے صدر دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم اور ترک صدر، پاک-ترک اعلیٰ سطح اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے جس میں اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ صدر اردوان کی قیادت میں دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں اور ان کے اس دورے سے برادرانہ روابط کو مزید فروغ ملے گا۔

Scroll to Top