مظفرآباد: آج کشمیر کے بیشتر علاقوں میں کھلی ہوئی دھوپ نکلی ہوئی ہے جس کی وجہ سے سیروتفریح کے لیے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
مظفرآباد:آج دارالحکومت مظفرآباد میں دھوپ کا راج ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں کمی محسوس کی جا رہی ہے۔ مضافاتی علاقوں میں ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں جو موسم کو مزید خوشگوار بنا رہی ہیں۔ حالیہ بارشوں کے بعد سردی میں اضافہ ہوا تھاتاہم گزشتہ دو دنوں کی مسلسل دھوپ نے سردی کی شدت کو کم کر دیا ہے۔ اس وقت شہر کا درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
حویلی: ضلع حویلی میں بھی دھوپ نکلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ تاہم پہاڑوں پر حالیہ برفباری کے باعث سردی کی شدت برقرار ہے۔ سفید برف کی چادر میں لپٹی وادی پر دھوپ کی کرنوں نے حسن کو مزید دوبالا کر دیا ہے۔ شہر میں دھوپ ہےجبکہ بالائی علاقوں میں دھوپ کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔ اس وقت درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور زیادہ سے زیادہ 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
راولاکوٹ: دو روز قبل راولاکوٹ کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کے باعث سردی میں اضافہ ہوا تھا۔ تاہم آج موسم مکمل طور پر صاف ہے اور دھوپ نکلی ہوئی ہے، جس سے سردی کی شدت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ بلند مقامات جیسے تولی پیر، کوٹ متے خاں اور بلاپوٹھا کی چوٹیوں پر ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔ اس وقت درجہ حرارت 1 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور زیادہ سے زیادہ 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
باغ: باغ میں آج دھوپ اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ اس وقت درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
کوٹلی: کوٹلی میں آج زیادہ تر دھوپ چھائی رہی۔ اس وقت درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور زیادہ سے زیادہ 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔
میرپور: میرپور میں بھی آج دھوپ کا راج رہا۔ اس وقت درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
وادی نیلم: وادی نیلم میں موسم خوشگوار ہو گیا ہےاور ضلعی ہیڈکوارٹر اٹھمقام سمیت ملحقہ زیریں علاقوں میں دھوپ نکل چکی ہے۔ تاہم بالائی نیلم میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہنے کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔آج نیلم ویلی کا درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ہےاور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔
وادی لیپہ:آج وادی لیپہ میں بھی موسم انتہائی خوشگوار ہے۔ کئی دنوں کی سردی اور بادلوں کے بعد سورج نے اپنی کرنیں بکھر گئی ہیں جس کے نتیجے میں موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ آسمان صاف اور پہاڑوں پر جمی برف دھوپ میں چمک رہی ہے جو ایک دلکش منظر پیش کر رہی ہے۔مقامی افراد اور سیاح اس خوبصورت موسم سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں، آج دھوپ کی وجہ سے سردی کی شدت میں کچھ کمی آئی ہے تاہم برفیلے پہاڑوں کی ٹھنڈی ہوائیں اب بھی چل رہی ہیں۔آج وادی لیپہ کا درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک موسم صاف رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چند روز تک موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے تاہم بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہ سکتی ہے۔ اتوار تک موسم خوشگوار رہے گاجبکہ پیرکے روز بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
شہریوں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ موسم کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر مناسب گرم کپڑوں کا استعمال جاری رکھیں۔ بالائی علاقوں میں سفر کرنے والے حضرات احتیاط برتیں اور متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔